کرونا کی وبا نے چند ماہ میں پوری دنیا میں فضائی کمپنیوں کے کاروبار کو ٹھپ کرکے رکھ دیا ہے۔ سیکڑوں بین الاقوامی فضائی کمپنیاں اپنے ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائی کے بعد فارغ کرنےپرمجبورہیں اور بعض دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ گئی ہیں۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے دیوالیہ ہونے والی فضائی کمپنیوں میں جنوبی افریقا کی 'قومی ایئرلائن' بھی شامل ہے۔ یہ کمپنی 'کوویڈ ۔ 19' وائرس کے نتیجے میں سب سےزیادہ متاثر ہونے کے بعد دیوالیہ ہوچکی ہے۔
جنوبی افریقا کی قومی ایئرلائن حکومت سے مزید مدد حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے جس کےبعد اس نے اپنے 4700 ملازمین کو فارغ کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ یہ فضائی کمپنی 86 سال تک فضاؤں میں راج کرتی رہی ہے مگر ایک وائرس نے اسے تباہی کے دہانے پرپہنچا دیا ہے۔
اس وقت جنوبی افریقا کی نیشنل ایئر لائن کے کچھ طیارے جرمنی اور برازیل جیسے ممالک میں کارگو سروس کی حد تک محدود ہوگئے ہیں جب کہ کمپنی کی معمول کی پروازیں معطل ہیں۔
بلومبرگ کے مطابق جنوبی افریقا کی قومی ایئرلائن سالانہ بچت اسکیم کے تحت کام کرتی رہی ہے۔ اب کمپنی کے پاس صرف ایک ہی راستہ بچا ہے اور وہ اس کی اندرون اور بیرون ملک موجود املاک کی فروخت ہے۔
کرونا کی وبا سے قبل جنوبی افریقا کی حکومت کی طرف سے بھی اس کمپنی کو امدادی پیکج ملتے رہے ہیں۔ اس نے سنہ 2011ء میں آخری مرتبہ منافع کمایا تھا اور اب کرونا نے اس کمپنی کےتابوت میں آخری کیل ٹھونک دی۔