متحدہ عرب امارات کی وزارتِ صحت نے سوموار کو کرونا وائرس کے 484 نئے کیسوں کی اطلاع دی ہے۔اس طرح ملک میں کل کیسوں کی تعداد 7625 ہوگئی ہے۔
وزارت صحت کی خاتون ترجمان ڈاکٹر فریدہ الحسنی نے کرونا وائرس سے دو نئی اموات کی بھی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ دونوں متوفیٰ ایشیائی نژاد ہیں۔ یو اے ای میں اب اس مہلک وَبا سے جان کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 43 ہوگئی ہے۔
یو اے ای میں اب تک کرونا وائرس کا شکار 1360 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
ڈاکٹر فریدہ الحسنی نے بتایا ہے کہ ملک بھر میں گذشتہ دو ایک روز میں 25795 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور ان میں سے 484 کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
یو اے ای کی حکومت نے کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے ملک بھر میں ڈرائیو تھرو ٹیسٹنگ مراکز قائم کیے ہیں اور ابو ظبی میں ایک بڑی ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کی ہے۔اس کے علاوہ ملک بھر میں مختلف معذوریوں کا شکار افراد کے گھروں ہی میں ٹیسٹ کے لیے بھی سروس شروع کی گئی ہے۔
ڈاکٹر فریدہ الحسنی نے گذشتہ ہفتے بتایا تھا کہ یو اے ای میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد میں اب روز بروز اضافہ ہورہا ہے اور اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ کرونا کی علامات کے حامل افراد کے زیادہ تعداد میں ٹیسٹ کیے جارہے ہیں تاکہ متاثرہ افراد کو تشخیص کے بعد الگ تھلگ کیا جاسکے اور ان کے علاج پر توجہ مرکوز کی جاسکے۔
ترجمان نے بخار میں مبتلا یا نظام تنفس کے عوارض کھانسی یا سانس ٹوٹنے وغیرہ سے دوچار افراد کو ہدایت کی کہ وہ ان علامات کو معمولی نہ سمجھیں،اپنے نزدیک ترین سنٹر سے رجوع کریں اور وہاں اپنے ٹیسٹ کرائیں۔انھوں نے شہریوں پر زوردیا کہ وہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی تدابیر اختیار کریں،کسی ٹیسٹ سنٹر پر جاتے وقت چہرے پر ماسک پہنیں اور سماجی فاصلہ اختیار کریں۔
متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے مریضوں کو دو دواؤں کلوروکوین اور ہائیڈراکسی کلوروکوین کا استعمال کرایا جارہا ہے۔ ڈاکٹر فریدہ الحسنی کے بہ قول ملیریا کا تریاق دوا اور سوزش مخالف دوا کرونا وائرس کے مریضوں کو دی گئی ہےاور ابتدائی مطالعات میں اس کے استعمال سے کامیابی کے اشارے ملے ہیں۔