متحدہ عرب امارات کی وزارتِ صحت نے کرونا وائرس کے ٹیسٹوں کا عمل تیز کردیا ہے اور 490 نئے کیسوں کی اطلاع دی ہے۔اس طرح ملک میں منگل تک کل کیسوں کی تعداد 7755 ہوگئی ہے۔
یو اے ای کی وزارت صحت نے گذشتہ 24 گھنٹے میں 30 ہزار افراد کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ کرنے کی اطلاع دی ہے۔اس نے کرونا وائرس کا شکار تین افراد کی موت کی بھی تصدیق کی ہے اور ملک میں اس مہلک وائرس سے وفات پانے والوں کی تعداد 46 ہوگئی ہے۔یو اے ای میں اب تک کرونا کے 1443 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
یو اے ای میں گذشتہ چند روز سے کرونا وائرس کے ٹیسٹوں کا عمل تیز کردیا گیا ہے اور روزانہ ملک کے مختلف علاقوں میں ہزاروں افراد کے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔
بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق امارات کی حکومت ملک میں تمام شہریوں اور مکینوں کے کرونا وائرس کے ٹیسٹوں کا ارادہ رکھتی ہے اور اس وقت 24 گھنٹے میں 30 ہزار افراد کے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔
اماراتی حکومت نے ملک کے مختلف علاقوں میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ کے لیے مراکز قائم کیے ہیں۔ابو ظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید نے 28 مارچ کو پہلے ڈرائیو تھرو ٹیسٹ سنٹر کا افتتاح کیا تھا۔اس کے بعد سے فجیرہ ، العین اور دبئی میں ایسے کئی ایک ٹیسٹ مراکز قائم کیے جاچکے ہیں۔
ابو ظبی میں بی جی آئی اور ٹیکنالوجی کمپنی گروپ 42 کے اشتراک سے ایک بڑی ٹیسٹنگ لیبارٹری بھی قائم کی گئی ہے۔اس کے علاوہ ملک بھر میں مختلف معذوریوں کا شکار افراد کے گھروں ہی میں ٹیسٹ کے لیے بھی سروس شروع کی گئی ہے۔حال ہی میں اس نے ابوظبی کے صنعتی علاقے مصارف میں ورکروں کے لیے دو ٹیسٹ مراکز قائم کیے ہیں۔