سعودی عرب : کرونا وائرس سے مزید سات اموات ، 1158 نئے کیس

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کا شکار مزید سات افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں اور 1158 نئے کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے۔مملکت میں اب اس مہلک وَبا کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد 13930 ہوگئی ہے۔

سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے جمعرات کو اپنی نیوز بریفنگ میں بتایا ہے کہ مملکت میں کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 121 ہوگئی ہے۔

Advertisement

انھوں نے مزید بتایا ہے کہ نئے متوفیوں میں ایک 69 سالہ سعودی خاتون ہیں۔ان کی جدہ میں وفات ہوئی ہے۔ باقی چھے افراد غیر سعودی ہیں۔ وہ جدہ اور مکہ مکرمہ میں رہ رہے تھے۔ان کی عمریں 23 سے 67 سال کے درمیان تھیں اور ان میں بیشتر پہلے ہی مختلف دائمی امراض کا شکار تھے۔

نئے تشخیص شدہ کیسوں میں 15 فی صد سعودی اور 85 فی صد غیر سعودی مکین ہیں۔مدینہ منورہ میں 293 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے، 209 کیسوں کا تعلق مکہ مکرمہ ، 208 کا جدہ اور 157 کا دارالحکومت الریاض سے ہے۔باقی مریضوں کا تعلق سعودی عرب کے دوسرے شہروں اور صوبوں سے ہے۔

ڈاکٹر محمد العبد العالی کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں کرونا وائرس کےمریضوں کی تعداد میں اضافہ جاری رہے گا کیونکہ اس وقت پورے ملک میں برسرزمین طبی ٹیمیں لوگوں کے ٹیسٹ کررہی ہیں اور فیلڈ ٹیسٹنگ پروگراموں کا دائرہ کار پھیلا دیا گیا ہے۔

سعودی عرب کے وزیر صحت توفیق الربیعہ نے بھی کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد میں بتدریج اضافے کا یہی سبب بیان کیا ہے اور کہا ہے فیلڈ ٹیسٹنگ ٹیموں کے ذریعے اس مہلک وائرس کا شکار ہونے والے افراد کا سراغ لگایا جارہا ہے۔

میڈیکل ٹیمیں گذشتہ جمعہ سے ملک بھر میں لوگوں کی سکریننگ کررہی ہیں تاکہ کرونا کی علامات کے حامل افراد کی جلد اور بروقت تشخیص کرکے ان کا علاج شروع کیا جاسکے اور اس مہلک وائرس کو مزید پھیلنے سے روکا جاسکے۔

توفیق الربیعہ نے کہا ؛’’ہم ایسے افراد کا انتظار کیے بغیر ہی ٹیسٹ کررہے ہیں جو ہمیں آ کر یہ بتائیں کہ وہ کسی کے چھونے سے اس مہلک وائرس کا شکار ہوگئے ہیں اور اب انھیں الگ تھلگ کرنے کی ضرورت ہے۔ہم ان علاقوں میں جارہے ہیں جہاں ہمیں شُبہ ہے کہ وہاں بہت زیادہ کیس ہو سکتے ہیں۔ہم گھروں ،اقامتی کمپلیکسوں اور کالونیوں میں جا رہے ہیں تاکہ ہم وہاں مقیم لوگوں کے حکام کے پاس آنے سے قبل ہی کرونا کے کیسوں کا سراغ لگایا جاسکے۔‘‘

واضح رہے کہ سعودی عرب میں اب تک کرونا وائرس کا شکار 1925 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں