.

ٹرمپ کا بیان؛ امریکی کمپنی نے جراثیم کش مواد کے اندرونی استعمال سے خبردار کر دیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی کمپنی Reckitt Benckiser نے خبردار کیا ہے کہ کرونا وائرس کے علاج کے سلسلے میں کسی بھی صورت جراثیم کش دواؤں یا محلول کو انجیکشن کے ذریعے یا کسی اور طریقے سے انسانی جسم کے اندر پہنچانے سے گریز کیا جائے۔ واضح رہے کہ مذکورہ کمپنی مشہور جراثیم کش محلول Dettol تیار کرتی ہے۔

کمپنی کی جانب سے یہ بیان جمعرات کے روز وائٹ ہاؤس میں کرونا وائرس کے حوالے سے ایک پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کے بعد سامنے آیا ہے۔ بیان میں ٹرمپ نے اس جانب اشارہ کیا تھا کہ وائرس کے خاتمے کے لیے جراثیم کش محلول کے مماثل مواد کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔

امریکا میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 1258 مریض فوت ہو گئے۔ اس طرح ملک میں اس وبائی مرض کے سبب موت کا شکار ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 51017 تک پہنچ چکی ہے۔

امریکی کمپنی نے جمعے کے روز جاری اپنے بیان میں کہا کہ "صفائی اور تطہیر سے متعلق ہماری تمام مصنوعات کو ہدایات کے مطابق صرف مختص مقاصد کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے"۔ کمپنی نے ٹرمپ کے بیان کی جانب اشارہ کیے بغیر اس بات پر سختی سے زور دیا کہ اس کی مصنوعات کو کسی بھی حالت میں انسانی جسم کے اندر داخل نہیں کیا جانا چاہیے۔

ٹرمپ نے جمعرات کے روز پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ "میرے نزدیک جراثیم کش محلول ایک منٹ کے اندر وائرس کو ختم کر دیتا ہے ... کیا ایسا کوئی طریقہ ہے جس کے ذریعے ہم اسی طرح کا کچھ کر سکیں ... میرا مطلب ہے کہ جسم میں انجیکشن کے ذریعے یا تطہیر کے راستے سے ؟"۔