سعودی عرب:کرونا وائرس،بین الاقوامی پروازیں اور پبلک ٹرانسپورٹ بدستورمعطل رکھنے کا فیصلہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے بین الاقوامی اور اندرون ملک پروازیں بدستور معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔البتہ ہنگامی بنیاد پر پروازوں کی آمد ورفت اس فیصلے سے مستثنا ہوگی۔

سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان نے اتوار کو ایک نشری نیوز کانفرنس میں بتایا ہے کہ ملک میں ٹرین ، بس اور ٹیکسی سروس بدستور معطل رہے گی اور سرکاری ملازمین اپنے گھروں ہی سے کام جاری رکھیں گے۔

Advertisement

سعودی حکومت نے ملک بھر کے مختلف شہروں اور صوبوں میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے نافذ کرفیو میں نرمی کا بھی اعلان کیا ہے۔البتہ مکہ مکرمہ میں نافذ کرفیو میں نرمی نہیں کی گئی ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق رمضان المبارک میں صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک کرفیو میں نرمی کی گئی ہے۔13 مئی تک مملکت بھر میں پرچون فروشوں کو اپنی دکانیں کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

لیکن مکہ مکرمہ اور بعض دوسرے علاقوں میں 24 گھنٹے کا لاک ڈاؤن جاری رہے گا۔مکہ میں حالیہ دنوں میں لاک ڈاؤن کے باوجود کرونا وائرس کے سب سے زیادہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں حالانکہ سعودی حکومت نے گذشتہ ماہ اس مہلک وَبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عمرے کی ادائی پر بھی پابندی عاید کردی تھی۔

مشرقِ اوسط اور شمالی افریقا(مینا) کے خطے میں واقع دوسرے بہت سے ممالک نے بھی رمضان المبارک کے آغاز کے بعد لاک ڈاؤن اور کرفیو میں اسی طرح کی نرمیوں کے اعلانات کیے ہیں تاکہ مسلمان ماہِ صیام کو اچھے طریقے سے گزار سکیں۔

سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے سب سے زیادہ 1223 کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں اور ملک میں اب اس مہلک وَبا کا شکار افراد کی تعداد 17522 ہوگئی ہے ۔اس مہلک وائرس کا شکار 139 افراد وفات پا چکے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں