سعودی عرب: کرونا وائرس کے کیسوں میں مسلسل اضافہ ، مزید 1289 کی تشخیص

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب میں کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور سوموار کو مزید 1289 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔ یہ اب تک ایک دن میں اس مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کرونا وائرس سے پانچ نئی اموات کی بھی تصدیق کی ہے جس کے بعد اب تک وفات پانے والوں کی تعداد 144 ہوگئی ہے۔

Advertisement

انھوں نے سوموار کو نیوز بریفنگ میں بتایا ہے کہ جدہ میں 294 ، مکہ مکرمہ میں 218 ، مدینہ منورہ میں 202 ، الریاض میں 178،بیش میں 126 اور الجبیل میں 107 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔باقی کیس الخبر ، الدمام ، الہفوف اور دوسرے شہروں اور صوبوں میں ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

سعودی عرب کی وزارت صحت نے گذشتہ دو ہفتے کے دوران میں کرونا وائرس کا شکار مریضوں کا سراغ لگانے کے لیے فیلڈ ٹیسٹنگ کا عمل تیز کردیا ہے اوربڑے شہروں کے گنجان آباد علاقوں میں گھر گھر جا کر ٹیسٹ کیے جارہے ہیں جس کی وجہ سے کرونا کے کیسوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتاجارہا ہے۔

ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے بتایا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں اب تک قریباً 10 لاکھ افراد کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ان میں 18811 کے نتائج مثبت آئے ہیں۔ان میں بھی 2531 صحت یاب ہوچکے ہیں اور باقی اسپتالوں یا طبی مراکز میں زیرعلاج ہیں یا انھیں گھروں میں یا قرنطینہ مراکز میں رکھا جارہا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں