.

کرونا وائرس : عُمان میں تجارتی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سلطنت عُمان نے منی ایکس چینج اور گاڑیوں کی مرمت کی دکانوں سمیت مختلف تجارتی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

عُمان نیوز ایجنسی نے اپنے ٹویٹراکاؤنٹ پر کرونا وائرس کی وبا سے پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے کی ذمے دار ملک کی سپریم کمیٹی کا ایک بیان جاری کیا ہے۔اس میں اس نے مختلف کاروباروں کی ایک فہرست جاری کی ہے،جنھیں قواعد وضوابط کے تحت دوبارہ کام کرنے کی اجازت دی جارہی ہے۔

ان سرگرمیوں میں کاروں کی ورکشاپیں، برقی آلات ، کمپیوٹر کی دکانیں اور چھاپہ خانے شامل ہیں۔کرنسی کا کاروبار کرنے والی دکانوں کو بھی دوبارہ کھولا جارہا ہے۔

لیکن اس بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ یہ کاروباری سرگرمیاں کب سے دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

بیان کے مطابق جن کاروباروں اور کاموں کو دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی جارہی ہے، ان کے نام یہ ہیں: کاروں کی ورکشاپیں اور ان کے فاضل پرزہ جات کی دکانیں، مچھیروں کی کشتیوں کی مرمت اور فاضل پرزہ جات کی دکانیں ،برقی آلات اور کمپیوٹر کی دکانیں ،گھریلو آلات اور سیٹلائٹ ٹرانسمیشن کے آلات اور مرمت کی دکانیں۔

کاریں اور آلات کرائے پر دینے کا کاروبار کرنے والی دکانیں ،اسٹیشنری کی دکانیں ،پرنٹنگ کی دکانیں،تیل تبدیلی اور کار ٹائر شاپس اور منی ایکس چینج وغیرہ شامل ہیں۔

بیان کے مطابق ایک وقت میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے اصول کے تحت صرف دو گاہکوں کو دکان میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔ نیز تمام کاروباری سرگرمیوں کے دوران میں صحت وصفائی کے اصولوں کی پیروی کی جانی چاہیے۔

عُمان میں کاروباروں کو ایسے وقت میں جزوی طور پر دوبارہ کھولنے کی اجازت دی گئی ہے جب کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔منگل کے روز وزارت صحت نے کرونا وائرس کے 82 نئے کیسوں کی اطلاع دی ہے اور ملک میں اس مہلک وبا کا شکار افراد کی تعداد 2131 ہوگئی ہے۔