سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 1325 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے اور اس مہلک وائرس سے پانچ مزید افراد کی موت کی اطلاع دی ہے۔
سعودی عرب میں اب کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد 21402 ہوگئی ہے۔وزارتِ صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے بدھ کے روز بتایا ہے کہ کرونا وائرس کے نئے 1325 کیسوں میں 15 فی صد سعودی شہری ہیں اور 85 فی صد غیر سعودی ہیں۔
ترجمان کے مطابق نئے کیسوں میں 356 کا تعلق مکہ مکرمہ سے ہے۔اس کے بعد مدینہ منورہ میں 225، جدہ میں 224 ، دارالحکومت الریاض میں 203 ،الدمام میں 74 اور الہفوف میں 42 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔دوسرے دو ، دو، چار، چار کیس سعودی عرب کے دوسرے شہروں اور صوبوں سے رپورٹ کیے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 157 ہوگئی ہے۔اس کا شکار مزید 169 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں اور اب تن درست ہونے والے افراد کی تعداد 2953 ہوگئی ہے۔
#الصحة تعلن عن تسجيل (1325) حالة إصابة جديدة بفيروس #كورونا الجديد (كوفيد19)، وتسجيل (5) حالات وفيات رحمهم الله، وتسجيل (169) حالة تعافي ليصبح إجمالي عدد الحالات المتعافية (2953) حالة ولله الحمد. pic.twitter.com/FsFGDFMVQX
— و ز ا ر ة ا لـ صـ حـ ة السعودية (@SaudiMOH) April 29, 2020
سعودی عرب نے رمضان المبارک کے آغاز کے بعد کرونا وائرس کے تعلق سے عاید کردہ کرفیو اور بعض دوسری پابندیوں میں نرمی کی ہے لیکن اس کے باوجود حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے باہر نہیں نکلیں، چہرے پر ماسک پہن کر رکھیں ،جسمانی طور پرسماجی فاصلہ برقرار رکھیں اور عوامی مقامات پر اکٹھے ہونے سے گریز کریں۔
سعودی حکومت نے صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک کرفیو میں نرمی کی ہے۔13 مئی تک مملکت بھر میں پرچون فروشوں کو اپنی دکانیں کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
لیکن مکہ مکرمہ اور بعض دوسرے علاقوں میں 24 گھنٹے کا لاک ڈاؤن جاری رہے گا۔مکہ میں حالیہ دنوں میں لاک ڈاؤن کے باوجود کرونا وائرس کے سب سے زیادہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں حالانکہ سعودی حکومت نے گذشتہ ماہ اس مہلک وَبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عمرے کی ادائی پر بھی پابندی عاید کردی تھی۔