امریکی کانگرس کے رکن Justin Amash نے منگل کے روز "Libertarian Party" کی جانب سے صدارتی انتخابات کی دوڑ میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا۔ وہ ریپبلکن پارٹی سے مستعفی ہو کر ایک سال قبل لیبرٹیرین پارٹی سے وابستہ ہوئے تھے۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق آئندہ نومبر میں مقررہ صدارتی انتخابات میں جسٹن کو سخت حریفوں کا سامنا ہو گا۔ ان میں سابق نائب صدر جو بائڈن اور موجود صدر ڈونلڈ ٹرمپ سرفہرست ہیں۔
جسٹن عماش نے ایک امریکی خاتون Kara Day سے شادی کی اور ان کے تین بچے ہیں۔ جسٹن ایک سال قبل اس وقت میڈیا میں خبروں کی زینت بنے جب انہوں نے ریپبلکن پارٹی سے تعلق ہونے کے باوجود صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے سبک دوشی کا مطالبہ کر دیا تھا۔ جسٹن عماش 1980 میں ریاست مشی گن میں پیدا ہوئے۔ ان کے 80 سالہ والد کا تعلق فلسطین سے ہے۔ وہ 1956 میں ہجرت کر کے امریکا آ گئے تھے۔
جسٹن کی والدہ میمی دلعا کا تعلق شام سے ہے۔ جسٹن کے والد کے ساتھ ان کی شادی 1974 میں دمشق میں ہوئی تھی۔ اس جوڑے کی تین اولاد ہیں جن میں سے ایک جسٹن عماش ہیں۔ جسٹن نے 2005 میں مشی گن یونیورسٹی کی فیکلٹی آف لاء سے گریجویشن مکمل کی۔ بعد ازاں وہ سیاست کے میدان میں آ گئے۔ انہیں 2010 میں ریاست کے ارکان کانگرس کی کونسل کا رکن منتخب کیا گیا۔ وہ 2018 میں کانگرس کے رکن منتخب ہوئے۔ امریکی جریدے TIME نے جسٹن کو امریکی سیاست کا ابھرتا ہوا ستارہ شمار کیا۔