امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن میں کیوبا کے سفارت خانے پر فائرنگ کے الزام میں ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
امریکا کی خفیہ سروس نے اس شخص کی گرفتاری کی اطلاع دی ہے اور بتایا ہے کہ اس ملزم نے جمعرات کو علی الصباح سوا دوبجے کیوبا کے سفارت خانے پرفائرنگ کی تھی لیکن اس سے کوئی شخص زخمی نہیں ہوا ہے۔
مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اس غیر شناختہ شخص نے اپنی طاقتور آتشیں رائفل سے سفارت خانے پر کم سے کم تیس گولیاں چلائی ہیں۔
خفیہ سروس نے کہاہے کہ اس گرفتار شخص سے ایک غیر رجسٹر آتشیں ہتھیار پکڑا گیا ہے۔ اس نے یہ ہتھیار اور گولیاں کسی کو قتل کے ارادے سے اپنے پاس رکھی ہوئی تھیں۔
واشنگٹن کے محکمہ پولیس نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ خفیہ سروس اس کی تحقیقات کررہی ہے کیونکہ وہی غیر ملکی سفارت کاروں سے متعلق واقعات کی تحقیقات کی ذمے دار ہے۔
کیوبا کا سفارت خانہ واشنگٹن کی سولھویں شاہراہ پر ایڈمز مورگن کے علاقے کی نکڑ پر واقع ہے۔اس علاقے میں کئی ایک بار اور ریستوران واقع ہیں اور وہاں عام دنوں میں لوگوں کا بہت رش ہوتا ہے لیکن ان دنوں میں کرونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے لاک ڈاؤن نافذ ہے اور اب یہ علاقہ سنسان نظر آتا ہے۔