.

سعودی عرب:کروناوائرس کے1326 نئے کیسوں اور سات اموات کی تصدیق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 1326 نئے کیسوں اور سات اموات کی تصدیق کی ہے۔سعودی وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق اب مملکت میں کرونا وائرس کے کل کیسوں کی تعداد25459 اور اموات کی تعداد 176 ہوگئی ہے۔

ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی کے مطابق مملکت میں روز بروز کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔

انھوں نے ہفتے کے روز بتایا ہے کہ نئے کیسوں میں 249 کا تعلق مدینہ منورہ ،245 کا جدہ اور244 کا مکہ مکرمہ سے ہے۔ دارالحکومت الریاض میں 161 ،الدمام میں126 ، الخبر میں 81 ،الجبیل میں 80 اور الہفوف میں 64 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔خمیس مشیط ، الدرعیہ اور الطائف سمیت سعودی عرب کے دوسرے شہروں اور قصبوں میں ایک سے بیس تک کرونا وائرس کے نئے کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے۔

سعودی عرب میں کل تصدیق شدہ مریضوں کے ایک فی صد سے بھی کم کی اموات ہوئی ہیں اور 3765 صحت یاب ہوچکے ہیں۔یہ مملکت میں کرونا وائرس کے کل مریضوں کا 15 فی صد ہیں۔

سعودی عرب نے حالیہ ہفتوں کے دوران میں کرونا کے ٹیسٹوں کی صلاحیت میں اضافہ کیا ہے اور وزارت صحت کی ٹیموں نے ملک بھر میں لوگوں کے ٹیسٹ کے لیے ان کے گھروں کے 1800 سے زیادہ چکر لگائے ہیں۔

طبی ٹیمیں شہروں کے گنجان آباد علاقوں یا مزدوروں کے اقامتی علاقوں میں کرونا کے ٹیسٹوں پر توجہ مرکوز کررہی ہیں۔وزارت صحت کے ترجمان نے جمعہ کو بتایا تھا کہ ایک لاکھ 70 ہزار سے زیادہ مزدوروں کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔

سعودی عرب میں اب تک گنجان آباد علاقوں میں کرونا وائرس کے زیادہ ترکیسوں کی تصدیق ہوئی ہے۔مزدوروں اور تارکین وطن کے لیے مکانات کا بندوبست کرنے والی کمیٹی نے گنجان آباد علاقوں میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔

سعودی حکومت نے تارکینِ وطن ورکروں کے لیے دو ہزار متبادل اقامتی عمارتیں مہیا کی ہیں۔یہ ایک لاکھ 70 ہزار سے زیادہ کمروں پر مشتمل ہیں اور وہاں ساڑھے تین لاکھ مزدور قیام کرسکتے ہیں۔