.

کویت : کرونا وائرس سے تین اموات ، 242 نئے کیسوں کی تشخیص

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

کویت کی وزارتِ صحت نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس سے تین اموات کی اطلاع دی ہے اور242 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے۔ اس خلیجی ریاست میں اس مہلک وائرس کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد 4619 ہوگئی ہے۔

کویتی وزیر صحت ڈاکٹر باسل الصباح نے بتایا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 33 ہوگئی ہے جبکہ مزید 101 افراد صحت یاب ہوگئے ہیں۔اس طرح اب تک 1703 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

انھوں نے بتایا ہے کہ اس وقت کرونا کے 69 مریض انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں زیرعلاج ہیں اور ان میں 34 کی حالت تشویش ناک ہے۔

کویت نے حال ہی میں بیرون ملک مقیم اپنے شہریوں کو واپس لانے کا آغاز کیا تھا۔دوسرے ممالک سے لوٹنے والے ان کویتیوں کی وجہ سے ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اچانک اضافہ ہوا ہے۔اس کے علاوہ بعض مقامی افراد نے سماجی فاصلہ برقرار رکھنے سے متعلق ہدایات کو نظر انداز کیا ہے اور وہ متاثرہ افراد سے گھلنے ملنے کی وجہ سے کرونا کا شکار ہوگئے ہیں۔

کویتی حکام لوگوں پرمسلسل یہ زور دے رہے ہیں کہ وہ ناگزیر سماجی روابط کے وقت مناسب فاصلہ برقرار رکھیں،اس ضمن میں وزارتِ صحت کی رہ نما ہدایات کی پاسداری کریں،چہرے پر حفاظتی ماسک پہن کررکھیں اور مجمع لگانے یا عوامی مقامات پر اکٹھے ہونے سے گریز کریں۔

واضح رہے کہ کویت نے 24 فروری کو کرونا وائرس کے پہلے تین کیسوں کی اطلاع دی تھی۔ ان تینوں افراد نے ایران کا سفر کیا تھا اور ملک میں واپسی پر ان کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔اس کے بعد فروری اور مارچ کے اوائل میں جن افراد کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے،ان میں سے بیشتر ایران ہی سے کویت لوٹے تھے۔