سوڈان میں وزارت داخلہ کے ایک اعلان کے مطابق معزول صدر عمر البشیر کے معاون احمد محمد ہارون کرونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں۔
وزارت کی جانب سے پیر کی شب جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہارون اس وقت کوبر جیل میں زیر حراست ہیں۔ گذشتہ ماہ 21 اپریل کو طبیعت خراب ہونے پر انہیں ہسپتال لے جایا گیا۔ وہاں ہارون کا کرونا کا ٹیسٹ کیا گیا۔ پہلا نتیجہ منفی آیا تاہم اس کے بعد دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آ گیا۔
وزارت داخلہ کے مطابق مریض کو احتیاطی تدابیر کے تحت گوشہ تنہائی میں رکھا گیاہے۔
وزارت کے بیان میں باور کرایا گیا ہے کہ ہارون رُوبہ صحت ہیں۔ طبی حالت جب اجازت دے گی تو انہیں واپس کوبر جیل منتقل کر دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ سوڈان میں پیر کے روز کرونا وائرس کے 86 نئے کیسوں کا اندراج ہوا۔ اس طرح ملک میں اب تک کرونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 678 تک پہنچ گئی ہے۔ ان میں 41 افراد موت کا شکار ہو چکے ہیں۔