شارجہ: 45 منزلہ اقامتی ٹاورہولناک آگ کی لپیٹ میں، نزدیکی عمارتوں سے بھی مکینوں کا انخلا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

شارجہ کے علاقے النھدہ میں واقع ایک بلند وبالا اقامتی ٹاور میں منگل کی شب اچانک آگ بھڑک اٹھی ہے جس نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔اس کے نتیجے میں نو افراد زخمی ہوگئے ہیں اور انھیں جائے وقوعہ ہی پر ابتدائی طبی امداد دی جارہی تھی۔

شارجہ سول ڈیفنس کے ڈائریکٹر کرنل سامی خمیس النقبی نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ ان کے محکمہ کی فوری امدادی کارروائی سے ایک بڑی تباہی کو رونما ہونے سے بچا لیا گیا ہے۔ فوری طور پر ٹاور میں آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ مقامی وقت رات نو بج کر چار منٹ پر آبکو ٹاور کی دسویں منزل میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی۔اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی آگ بجھانے والا عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا تھا اور اس نے امدادی سرگرمیاں شروع کردی تھیں۔

یہ ٹاور 2006ء میں تعمیر کیا گیا تھا۔اس کی پارکنگ سمیت 45 منزلیں ہیں۔اس کی 36 منزلیں رہائشی فلیٹوں پر مشتمل ہیں اور ہر منزل میں 12 فلیٹ ہیں۔آگ لگنے کے فوری بعد ان فلیٹوں اور نچلی منزل میں دکانوں کو خالی کرالیا گیا تھا۔

شارجہ پولیس کے سنٹرل آپریشنز کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل کرنل ڈاکٹر علی ابو الزود نے بتایا ہے کہ پولیس فلیٹوں میں پھنس کر رہ جانے والے افراد کا سراغ لگانے کے لیے ڈرون استعمال کررہی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ’’ہم نے عمارت کے مالک سے رابطہ کر لیا ہے اور تمام مکینوں کی رہائش کے لیے متبادل بندوبست کیا جائے گا۔تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ کل کتنے اپارٹمنٹ آتش زدگی سے متاثر ہوئے ہیں۔‘‘

اس ٹاور میں آتش زدگی کے فوری بعد نزدیک واقع عمارتوں کو بھی ان کے مکینوں کے تحفظ کے پیش نظر خالی کرالیا گیا تھا۔عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ ٹاورکی دسویں منزل میں آگ لگنے کے بعد دوسرے حصوں میں بھی پھیل گئی تھی ۔

شارجہ کے مقامی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 40 منٹ تک ٹاور کو آگ لگی ہوئی تھی اور اس ٹاور میں واقع فلیٹوں کے مکین روزہ افطار کرنے کے بعد شاہراہوں پر اپنی گاڑیوں میں بیٹھے تھے یا پیدل ادھر ادھر کوئی جائے پناہ تلاش کررہے تھے۔اس ٹاور میں بعض پاکستانیوں سمیت تارکینِ وطن کی بڑی تعداد مقیم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ انھیں اب کچھ معلوم نہیں کہ وہ کہاں جائیں گے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں