کرونا وائرس: سعودی عرب میں نو اموات اور 1687 نئے کیسوں کی تشخیص

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے بدھ کے روز کرونا وائرس کے 1687 نئے کیسوں اور نو اموات کی اطلاع دی ہے۔ مملکت میں اب اس مہلک وائرس کا شکار افراد کی تعداد 31938 ہوگئی ہے اور 209 افراد وفات پا چکے ہیں۔

سعودی وزارتِ صحت کے ترجمان ڈاکٹرمحمد العبدالعالی نے بتایا ہے کہ کرونا وائرس کا شکار 1352 افراد صحت یاب ہوگئے ہیں اور اس طرح تن درست ہونے والے افراد کی تعداد 6783 ہوگئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ’’جامع ٹیسٹنگ کا اب نیا مرحلہ شروع ہوگیا ہے۔یہ ازخود جائزہ ہے۔قریباً دس لاکھ افراد نے اپنا خود جائزہ لیا ہے۔اس سے قبل از وقت کیسوں کی تشخیص میں مدد ملی ہے۔‘‘

انھوں نے بتایا کہ از خود جائزے کی نئی تیکنیک سے کرونا وائرس سے متاثرہ 300 افراد کا سراغ لگانے میں مدد ملی ہے۔

گذشتہ 24 گھنٹے میں ساحلی شہر جدہ میں سب سے زیادہ 312کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔اس کے بعد مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ ، طائف اور دارالحکومت الریاض میں بالترتیب 308 ،292 ، 163 اور 149کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ ان نئے کیسوں میں 20 فی صد خواتین اور 80 فی صد مرد حضرات ہیں۔

وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے بدھ کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’کرونا وائرس کے علاج کے لیے پروٹوکول ، ٹیسٹنگ میں اضافے اور فعال انداز میں سکریننگ کی وجہ سے مملکت میں کرونا وائرس سے نسبتاً کم اموات ہوئی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ان دنوں میں سعودی عرب میں کرونا وائرس کے زیادہ کیس رپورٹ ہورہے ہیں لیکن احتیاطی تدابیراختیار کرنے کی وجہ سے شرح اموات کم رہی ہے اور یہ کل کیسوں کا صرف ایک فی صد سے بھی کم ہے جبکہ دنیا بھر میں شرح اموات سات فی صد ہے اور یوں سعودی عرب میں شرح اموات ان ممالک کے مقابلے میں 10 گنا کم ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں