مکہ مکرمہ : کرونا وائرس ، مسجدالحرام میں ازخود تطہیر کے لیے ابواب نصب

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب کی الحرمین الشریفین کے انتظامی امور کی ذمے دار جنرل پریزیڈینسی نے کرونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مسجدالحرام کے داخلی دروازوں کے ساتھ از خود تطہیری عمل کے گیٹ نصب کر دیے ہیں۔

اب مسجد الحرام کے صحن میں داخل ہونے والے کسی بھی شخص کو پہلے از خود تطہیر کے لیے نصب گیٹ سے گزرنا ہوگا،وہاں اس پر سرتا پاؤں جراثیم کش سپرے کیا جائے گا اور مصفا کیا جائے گا۔

مسجدالحرام میں ان دروازوں کی تنصیب سے صرف ایک ہفتہ قبل تھرمل کیمرے نصب کیے گئے تھے۔یہ طاقتور کیمرے بیک وقت 25 تک افراد کے جسمانی درجہ حرارت کی پیمائش کرسکتے ہیں۔یہ کیمرے بھی مسجد الحرام کے داخلی دروازوں پر نصب کیے گئے ہیں۔

اس ماہ کے اوائل میں مدینہ منورہ میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں بھی اسی طرح کے تھرمل کیمرے نصب کیے گئے تھے۔

سعودی حکومت نے مارچ میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں 24 گھنٹے کا کرفیو اور مکمل لاک ڈاؤن نافذ کردیا تھا اور الحرمین الشریفین (مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم) میں تاحکم ثانی عام لوگوں کا داخلہ بند ہے۔رمضان المبارک کے آغاز سے قبل سعودی حکومت نے شہروں میں نافذ لاک ڈاؤن میں نرمی کردی تھی لیکن مکہ مکرمہ میں بدستور لاک ڈاؤن نافذ ہے۔

سعودی وزارت برائے اسلامی امور نے اپریل میں ان افواہوں کی تردید کی تھی کہ مملکت بھرمیں مساجد کو باجماعت نمازوں کی ادائی کے لیے کھولا جارہا ہے۔سعودی عرب نے مارچ میں کرونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مملکت بھر میں تمام مساجد کو باجماعت نمازوں کے لیے بند کردیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں