کرونا وائرس :سعودی عرب میں ریکارڈ 1793 نئے کیسوں کی تصدیق ، کل تعداد 33731 ہوگئی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب نے جمعرات کو کرونا وائرس کے 1793 نئے کیسوں اور دس اموات کی تصدیق کی ہے۔سعودی وزارت صحت کے مطابق مملکت میں کل کیسوں کی تعداد 33731 ہوگئی ہے اور یہ مہلک وَبا پھیلنے کے بعد سے 219 افراد وفات پا چکے ہیں۔

وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے بتایا ہے کہ کرونا وائرس کا شکار ایک سعودی شہری اور نو غیر سعودی وفات پاگئے ہیں۔وہ مکہ مکرمہ، الخبر ، مدینہ منورہ ، الریاض اور جدہ سے تعلق رکھتے تھے۔ ان کی عمریں 30 اور 78 سال کے درمیان تھیں۔

Advertisement

انھوں نے مزید وضاحت کی ہے کہ نئے تشخیص شدہ کیسوں میں 25 فی صد سعودی شہری ہیں اور غیر سعودی مکینوں کی تعداد 75 فی صد ہے۔نئے متاثرہ کیسوں میں 83 فی صد مرد حضرات اور 17 فی صد خواتین ہیں۔ان اعداد وشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی عرب میں اب تک کرونا وائرس سے مرد حضرات زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق وزارت صحت نے مدینہ منورہ میں کرونا وائرس کے 396 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے۔جدہ میں 315، مکہ مکرمہ میں 254، دارالحکومت الریاض میں 194، الدمام میں 171 اور الخبر میں 120 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔باقی مریضوں کا مملکت کے دوسرے شہروں اور صوبوں میں ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے آج بعض نئے اقدامات کا اعلان کیا ہے اور ایک خاندان سے زیادہ افراد اور پانچ سے زیادہ افراد کے اجتماعات پر پابندی عاید کردی ہے۔

سعودی حکام نے شہریوں اور مکینوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کرونا سے بچاؤ کے لیے سماجی میل جول کی صورت میں فاصلہ برقرار رکھیں اور غیرضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔

مقبول خبریں اہم خبریں