سعودی عرب نے گذشتہ 24 گھنٹے میں 1704 نئے کیسوں اور 10 اموات کی تصدیق کی ہے۔
سعودی وزارتِ صحت نے ہفتے کے روز اطلاع دی ہے کہ مملکت میں اب کرونا وائرس سے وفات پانے والوں کی تعداد239 ہوگئی ہے اور کل کیسوں کی تعداد 37136 ہوگئی ہے۔
وزارتِ صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے بتایا ہے کہ کرونا وائرس کے مزید 1024 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں اور کل تن درست ہونے والے مریضوں کی تعداد 10144 ہوگئی ہے۔
دریں اثناء سعودی وزارتِ داخلہ نے مدینہ منورہ کے بعض علاقوں میں کرونا وائرس کے تعلق سے عاید کردہ پابندیوں میں نرمی کردی ہے اور ان کے مکینوں کو صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک گھروں سے باہر جانےکی اجازت دے دی ہے۔
وزارت داخلہ نے محکمہ صحت کے حکام کی سفارشات کی روشنی میں مدینہ منورہ کے علاقوں الشریبت ، بنی ظفر ، قربان الجموع ،الاسکان اور بنی خدرہ کے بعض حصے شامل ہیں۔
وزارت داخلہ کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ باقی پابندیوں کے حوالے سے عوام کے ردعمل کا جائزہ لیا جائے گا اور وزارتِ صحت کے حکام بھی ان کا جائزہ لیں گے۔انھوں نے عوام پرزوردیا ہے کہ وہ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عاید کردہ پابندیوں کی پاسداری کریں اور صحتِ عامہ کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔