جنوب مشرقی ایشیائی ملک کمبوڈیا میں سعودی عرب کے تعاون سے افطار پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت ماہ صیام کے دوران ضرورت مند اور مستحق شہریوں میں افطاری کے لیے خشک خوراک تقسیم کی جائے گی۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق کمبوڈیا کے نجی امور کے وزیر عثمان حسن اور مفتی کمبوڈیا الحاج قمرالدین بن یوسف نے گذشتہ روز خادم الحرمین الشریفین افطار پروگرام کا افتتاح کیا۔ اس موقعے پر کمبوڈین وزارت مذہبی امور کے عہدیداروں اور علماء کی بڑی تعداد موجود تھی۔ کمبوڈیا میں افطار پروگرام کے حوالے سے ویتنام میں متعین سعودی عرب کے سفیر سعود السویلم، تھائی لینڈ کے مشیر برائے اسلامی اموراور کمبوڈیا کے مذہبی امور کے جنرل سپر وائزر ڈاکٹر یسف الحمودی نے بھی تعاون کیا۔
اس موقعے پر سعودی عرب کےسفیر نے کہا کہ خادم الحرمین الشریفین افطار پروگرام کا مقصد ماہ صیام کے موقعے پر مملکت کی قیادت کی طرف سے عالم اسلام کے لیے افطارمیں حصہ لینا اور فلاحی سرگرمیوں کے ذریعے روزہ داروں کو مدد فراہم کرنا ہے۔ سعودی عرب کے افطار پروگرام سے کمبوڈیا سمیت 18 ممالک مستفید ہو رہے ہیں۔ افطار پروگرام کے تحت کمبویڈیا میں 10 ہزار روزہ داروں کے لیے خوراک کے 1500 پیکٹ تقسیم کیے گئے۔