دبئی میں نمائش 2020ء کی جگہ پر سوموار کو آگ بھڑک اٹھی ہے۔متحدہ عرب امارات کے حکام کا کہنا ہے کہ آتش زدگی کے اس واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا ہے۔
دبئی کے جنوب میں واقع عالمی نمائش کی جگہ سے بہت دور سے سیاہ دھویں کے بادل اٹھتے ہوئے نظر آرہے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایکسپو 2020ء کی جگہ پر تعمیراتی کچرے کے ڈھیر میں آگ لگی تھی اور اس پرقابو پا لیا گیا ہے۔تاہم انھوں نے اس کی مزید تفصیل نہیں بتائی ہے۔
دبئی میں ایکسپو2020ء کا اہتمام کرنے والی پیرس میں قائم تنظیم نے اسی ماہ کرونا وائرس کی وبا کے پیش نظر اس عالمی نمائش کو یکم اکتوبر 2021ء تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔دبئی کرونا وائرس کی وَبا پھیلنے سے قبل اپنی معیشت کی نشاۃ ثانیہ کے لیے نمائش 2020ء کے انتظام وانصرام پر اربوں ڈالر جھونک چکا تھا۔