کرونا وائرس:اوبراورکریم کے سعودی ڈرائیوروں کو تین ماہ کی تن خواہ ملے گی!

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب میں اوبر اور کریم کے تحت کاریں چلانے والے سعودی شہری ڈرائیوروں کو حکومت کی جانب سے مالی امداد ملے گی اور انھیں کرونا وائرس کی وَبا پھیلنے کے بعد متاثر ہونے کی وجہ سے تین، تین ماہ کی تن خواہوں کے مساوی امدادی رقوم دی جارہی ہیں۔

سعودی عرب کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ صالح بن ناصر الجسر نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی منظوری کے بعد اوبر اور کریم کے سعودی ڈرائیوروں کے لیے ان مراعات کا اعلان کیا ہے لیکن اس کی شرط یہ ہوگی کہ ایسے سعودی شہری کل وقتی ڈرائیور کے طور پر کام کرتے ہوں۔وہ سعودی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی کے ہاں رجسٹر ہوں اور کوئی اور کام یا ملازمت نہ کرتے ہوں۔

Advertisement

حکومت کے مقرر کردہ اس معیار پر پورا اترنے والے ڈرائیوروں کو تین ماہ کی تن خواہوں کے مساوی مالی امداد مہیا کی جائے گی۔واضح رہے کہ اس وقت دو لاکھ سے زیادہ سعودی شہری رائیڈ شئیرنگ ایپلی کیشنز کے تحت کام کے لیے رجسٹر ہیں۔

اپریل میں سعودی عرب کی حکومت نے رائیڈ شئیرنگ ایپلی کیشنز میں کام کو صرف سعودی شہریوں کے لیے مخصوص کردیا تھا۔اس اقدام کا مقصد نجی شعبے میں سعودی شہریوں کی ملازمت اور روزگار کی معاونت تھا۔

رائیڈ شئیرنگ ایپ اوبر نے اپریل کے اوائل میں سعودی عرب کے مختلف شہروں میں عارضی طور پر اپنی سروس منقطع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ان شہروں میں الریاض ، تبوک ، الدمام ، ظہران ، الہفوف اور چار گورنریاں جدہ ، طائف ، قطیف اور الخبر شامل ہیں۔

سعودی حکومت نے ان شہروں اور گورنریوں میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے چوبیس گھنٹے کا کرفیو نافذ کردیا تھا۔

سعودی حکومت نے مملکت میں کرونا وائرس کی وَبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے شہروں اور قصبوں میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا تھا جس کے نتیجے میں ہزاروں لاکھوں لوگوں کا کاروبار اور روزگار متاثر ہوا ہے۔حکومت نے ان متاثرہ افراد کی امداد کے لیے مختلف اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ان کے تحت نجی شعبے کی کمپنیوں میں کام کرنے والے چارلاکھ سعودی شہریوں میں قریباً ایک ارب بیس کروڑ ریال کی رقوم تقسیم کی جارہی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں