کرونا وائرس :سعودی عرب میں عیدالفطر کے موقع پر مکمل لاک ڈاؤن اور کرفیو نافذ ہوگا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران میں 23 مئی سے 27 مئی تک 24 گھنٹے کا کرفیو اور لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ رمضان کے اختتام تک شہروں میں نافذ کرفیو میں نرمی جاری رہے گی۔

سعودی حکومت کے اعلان کے مطابق لوگوں کو صبح نو بجے سے پانچ بجے تک روزانہ اپنے گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت ہے۔ وہ اشیائے ضروریہ کی خریداری یا دوا دارو اور ضروری کاموں کے لیے گھروں سے باہر جاسکتے ہیں۔

سعودی وزارتِ داخلہ نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ میں بدستور مکمل لاک ڈاؤن اور کرفیو نافذ رہے گا اور یہ پابندیاں رمضان کے اختتام اور پھر عید الفطر کے ایام میں بھی جاری رہیں گی۔

سعودی عرب نے 26 اپریل کو ملک بھر میں نافذ کرفیو میں جزوی نرمی کا اعلان کیا تھا اور کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عاید کردہ پابندیوں میں نرمی کردی تھی۔ تاہم مکہ مکرمہ اور بعض دوسرے علاقوں میں نافذ لاک ڈاؤن کو نہیں ہٹایا گیا تھا اور اس کو 13 مئی تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔منگل کو اب اس میں رمضان کے آخر تک توسیع کردی گئی ہے۔

دریں اثناء سعودی عرب نے کرونا وائرس کے 1911 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے اور اس مہلک وَبا کا شکار نو افراد وفات پاگئے ہیں۔سعودی وزارت صحت کے مطابق مملکت میں اب کرونا وائرس کے کل کیسوں کی تعداد 42925 ہوگئی ہے۔ان میں 264 افراد وفات پا چکے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں