عُمان:کرونا وائرس کے روزانہ کیسوں کی تعداد میں اضافہ ، 322 نئے مریضوں کی تصدیق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

خلیجی عرب ریاست عُمان میں کرونا وائرس کے کیسوں کی روزانہ تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور گذشتہ 24 گھنٹے میں وزارت صحت نے 322 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے جس کے بعد ملک میں اس وَبا کا شکار افراد کی تعداد 4341 ہوگئی ہے۔

ان نئے کیسوں میں 80 عُمانی شہری ہیں اور 242 مختلف قومیتوں سے تعلق رکھتے ہیں۔عُمان میں اب تک کرونا وائرس سے 17 افراد کی وفات ہوئی ہے جبکہ 1303 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

وزارت صحت نے ایک بیان میں لوگوں پر زوردیا ہے کہ وہ سماجی فاصلہ اختیار کرنے اور الگ تھلگ رہنے کے لیے رہ نما ہدایات پر عمل درآمد کریں تاکہ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’عزم کے ساتھ صحت کی تنہائی اور سماجی فاصلہ اختیار کرکے ہم خود بچے رہیں گے اور اپنے خاندانوں اور کمیونٹی میں بھی کرونا وائرس کو پھیلنے سے روک سکیں گے۔‘‘

سلطنت عُمان نے 24 فروری کو کرونا وائرس کے پہلے دو کیسوں کی اطلاع دی تھی۔ یہ دونوں عُمانی خواتین تھیں اور وہ ایران کے سفر کے دوران میں اس مہلک وائرس کا شکار ہوگئی تھیں۔

عُمانی حکومت نے اس کے بعد سلطنت میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے تھے۔دارالحکومت مسقط اور دوسرے بڑے شہروں میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا تھا اور اس میں مئی کے آخر تک توسیع کردی گئی ہے۔ سلطنت بھر میں رمضان المبارک میں اجتماعات پر پابندی عاید ہے۔

عُمانی حکومت نے دوسرے احتیاطی اقدامات کے تحت عوامی ٹرانسپورٹ کو معطل کررکھا ہے۔بسیں ، فراری اور ٹیکسیاں چلانے پر پابندی عاید ہے۔اس کے علاوہ مساجد ، ریستوران ، کافی شاپس بھی بند ہیں جبکہ روزمرہ استعمال کی اشیاء کی دکانیں اور دوا خانے کھلے ہیں۔نیز بعض کاروباروں کو کڑی شرائط کے ساتھ حال ہی میں کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں