.

کرونا وائرس: سعودی عرب میں روزانہ قریباً 18 ہزار ٹیسٹ ، 2736 نئے کیسوں کی تصدیق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ مملکت میں کرونا وائرس کے ٹیسٹوں کا عمل تیز کردیا گیا ہے اور روزانہ 15 سے 18 ہزار کے درمیان نئے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔اس نے اتوار کو کرونا وائرس کے 2736 نئے کیسوں کی اطلاع دی ہے۔اس طرح مملکت میں کرونا وائرس کے کل کیسوں کی تعداد 54752 ہوگئی ہے۔

وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے روزانہ کی نیوز بریفنگ میں بتایا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کا شکار مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے دس افراد وفات پاگئے ہیں۔

انھوں نے بتایا ہے کہ نئے مرحومین جدہ ، مدینہ منورہ ، خرج ، مکہ مکرمہ ، الریاض اور نیریہ میں رہ رہے تھے۔ان کی عمریں 26 سے 60 سال کے درمیان تھیں۔ مملکت میں اب اس مہلک وبا سے وفات پانے والوں کی تعداد 312 ہوگئی ہے۔

سعودی عرب میں کرونا وائرس کے نئے تشخیص شدہ کیسوں میں 22 فی صد خواتین اور 78 فی صد مرد ہیں۔ان میں 40 فی صد سعودی شہری ہیں اور60 فی صد غیر سعودی ہیں۔

ترجمان نے بتایا ہے کہ کرونا وائرس کا شکار ہونے والے مریض بڑی تعداد میں مسلسل صحت یاب بھی ہورہے ہیں اور مزید 2056 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔اس طرح اب تک تن درست ہونے والوں کی تعداد 25722 ہوگئی ہے۔

ڈاکٹر العبد العالی نے کہا کہ اس مہلک وَبا کا نئے شکار ہونے والے افراد کے روابط کا بھی سراغ لگایا جارہا ہے تاکہ اس بات کا تعیّن کیا جاسکے کہ وہ کیونکر وائرس کی زد میں آئے ہیں۔اس طریق کار سے یہ پتا چلا ہے کہ سیکڑوں افراد کرونا وائرس کے تعلق سے حکومت کی عاید کردہ پابندیوں ،رہ نما ہدایات اور حفاظتی احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں اور انھوں نے بڑے سماجی اجتماعات میں شرکت کی تھی۔

انھوں نے عوام پر زوردیا ہے کہ وہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سماجی اختلاط سے گریز کریں،سماجی دوری پر عمل پیرا رہیں اور اپنے دوستوں یا خاندان کے دوسرے افراد سے میل ملاقاتوں کے لیے گھروں سے باہر جانے سے گریز کریں۔