کرونا وائرس :عُمان میں 327 نئے کیس ریکارڈ ، تین اموات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

عُمان کی وزارت صحت نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 327 نئے کیسوں اور تین اموات کی اطلاع دی ہے۔اب تک اس خلیجی سلطنت میں اس مہلک وائرس سے 30 افراد کی اموات ہوچکی ہیں۔

وزارتِ صحت نے جمعرات کے روز ایک بیان میں بتایا ہے کہ نئے تشخیص شدہ کیسوں میں 105 عُمانی شہری ہیں اور 222 غیرملکی تارکینِ وطن ہیں۔اس ننھے خلیجی عرب ملک میں اب کرونا وائرس کے تشخیص شدہ مریضوں کی تعداد 6370 ہوگئی ہے۔

Advertisement

اس نے مزید کہا ہے کہ وفات پانے والے تینوں تارکین وطن ہیں۔وہ کرونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد تاخیر سے صحت مرکز میں پہنچے تھے اور اس وقت تک ان کی حالت بگڑ چکی تھی۔

وزارت صحت نے واضح کیا ہے کہ اس وقت کرونا وائرس کا شکار ہونے والے زیادہ تر افراد کو کسی اسپتال یا طبی مرکز میں داخل ہونے کی ضرورت نہیں بلکہ انھیں اپنے گھروں ہی میں الگ تھلگ ہوجانا چاہیے اور طبی حکام سے مستقل رابطے میں رہنا چاہیے۔

عُمان میں اب تک کرونا وائرس کے 1821 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔وزارت صحت نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری کریں اور رہ نما ہدایات کے مطابق سماجی دوری اختیار کریں۔

عُمان نے گذشتہ سوموار کو عیدالفطر کے موقع پر تمام سماجی اجتماعات پر پابندی عاید کرنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ جو کوئی بھی اس کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا تو اس کو جیل اور جرمانے کی سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔

عُمانی حکومت نے عید کی نماز کے اجتماعات ،مویشیوں کی نیلامی ، خاندانوں کی میل ملاقاتوں ، سیروں اور اجتماعی یا گروہی تقریبات پر پابندی عاید کردی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں