یو اے ای :کرونا وائرس سے چاراموات، 892 نئے کیسوں کی تشخیص ،946 مریض صحت یاب

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

متحدہ عرب امارات کی وزارتِ صحت نے جمعرات کو گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس سے چار اموات کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ 892 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔

یو اے ای میں کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد سے 26898 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔ محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ اس مہلک وائرس کا شکار مزید 946 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں اور اب تک شفایاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 12755 ہوگئی ہے۔

Advertisement

وزارت صحت کے مطابق گذشتہ چند روز میں ملک بھر میں کرونا وائرس کے 43 ہزار سے زیادہ ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

محکمہ صحت کے حکام نے یو اے ای میں کووِڈ-19 کی ٹیسٹنگ اور سراغ لگانے کے لیے شہریوں اور مکینوں کی حوصلہ افزائی کی غرض سے ایک مہم بھی شروع کی ہے۔اس دوران میں شہریوں اور مکینوں میں یہ شعور اجاگر کیا جارہا ہےکہ وہ حکومت کی سرکاری ایپ الحصن کو ڈاون لوڈ کریں اور اس کو وائرس کا سراغ لگانے کے لیے استعمال کریں۔

یو اے ای کی وزارت صحت ، ابو ظبی کی صحت اتھارٹی اور دبئی کی صحت اتھارٹی نے مشترکہ طور پر گذشتہ ماہ کے آخر میں یہ ایپ تیار کی تھی۔ اس کے استعمال سے یو اے ای کے مکین خودسے کرونا وائرس کی تشخیص کرسکتے ہیں۔

یو اے ای کی حکومت نے اسی ہفتے ملک میں جاری صحت وصفائی کے پروگرام میں بھی تاحکم ثانی توسیع کردی ہے اور رات کو نافذ کرفیو کا دورانیہ دو گھنٹے بڑھا دیا ہے۔اب کرفیو کا آغاز رات آٹھ بجے ہوتا ہے اور یہ صبح چھے بجے تک جاری رہتا ہے۔

واضح رہے کہ اماراتی حکومت نے ملک بھر میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے 26 مارچ کو صفائی ستھرائی کا قومی پروگرام شروع کیا تھا اور اس پرعمل درآمد کے لیے رات دس بجے سے صبح چھے بجے تک کرفیو نافذ کردیا تھا۔

اس پروگرام میں یواے ای کے مختلف سرکاری اداروں سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں کارکنان ، نگران اور منتظمین حصہ لے رہے ہیں۔اس تطہیری پروگرام کے تحت ، سرکاری اداروں کے دفاتر ، عمارتوں، دبئی میٹرو ، ٹیکسیوں ، بسوں اور ٹراموں کو مصفا کیا گیا ہے اور کیا جارہا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں