.

سعودی عرب:عیدالفطر کے موقع پرکرونا وائرس کے 2399 نئے کیسوں کا اندراج

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب نے عید الفطر کے پہلے روز کرونا وائرس کے 2399 نئے کیسوں اور 11 اموات کی اطلاع دی ہے۔اس طرح مملکت میں اس مہلک وَبا کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد 72560 ہوگئی ہے۔

سعودی وزارت صحت نے اتوار کو دارالحکومت الریاض میں کرونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسوں کے اندراج کی اطلاع دی ہے اور وہاں 742 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے۔مکہ مکرمہ میں 611 نئے کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے اور جدہ میں 474 کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

وزارت صحت نے بتایا ہے کہ کرونا وائرس کے مزید 2284 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔اس طرح اب تک صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 43520 ہوگئی ہے جبکہ کووِڈ-19 کا شکار 390 افراد وفات پاچکے ہیں۔

سعودی عرب میں حالیہ رجحانات کے عین مطابق 79 فی صد نئے مریض مرد حضرات ہیں اور 21 فی صد خواتین ہیں۔ان تمام میں 34 فی صد سعودی شہری ہیں اور 66 فی صد غیرملکی شہری ہیں۔

دوسرے خلیجی ممالک میں کرونا کے مریض

متحدہ عرب امارات نے عیدالفطر کے پہلے روز یہ اعلان کیا ہے کہ اس کے ہاں کرونا وائرس کے کل کیسوں میں سے نصف سے زیادہ صحت یاب ہوگئے ہیں۔

یو اے ای کی وزارت صحت کے مطابق کرونا کے مزید561 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔اس طرح اب تک صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 15056 ہوگئی ہے۔ یو اے ای میں کرونا کی وَبا پھیلنے کے بعد 29485 تشخیص شدہ مریضوں کا اندراج کیا گیا ہے۔

یو اے ای میں شامل امارت ابو ظبی نے عید الفطر کے موقع پر کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ہوٹلوں ، ہوٹل بیچز اور بار کےلیے نئے رہ نما اصول جاری کیے ہیں اور کہا ہے کہ انھیں بہت جلد کھول دیا جائے گا۔

اس کی ہمسایہ خلیجی عرب سلطنت عُمان میں عید کے پہلے روز کرونا کے سب سے زیادہ کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں اور ان کی تعداد 513 ہے۔اس طرح اس ننھی ریاست میں کرونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد 7770 ہوگئی ہے۔

سعودی عرب سے شمال مشرق میں واقع ہمسایہ ریاست کویت نے 838 نئے کیسوں کا اندراج کیا ہے۔کویت میں اب تک کرونا کے کل کیسوں کی تعداد 21302 ہوچکی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں