.

کویت میں کرونا وائرس کے 665 نئے کیسوں کا اندراج ، 9 اموات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

کویت میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 665 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں جبکہ پہلے سے اس مہلک وائرس کا شکار 508 افراد صحت یاب ہوگئے ہیں۔

کویت کی وزارت صحت کے ترجمان نے سوموار کو اطلاع دی ہے کہ کرونا وائرس میں مبتلا نو افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔اس خلیجی عرب ریاست میں اب تک کووِڈ-19 سے 165 افراد کی وفات ہوئی ہے۔

ترجمان نے نیوز بریفنگ میں بتایا ہے کہ نئے تشخیص شدہ کیسوں میں زیادہ تر تارکین وطن ہیں۔ ان میں 195 بھارتی ،96 مصری اور 73 بنگلہ دیشی ہیں جبکہ 148 کویتی شہری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت اس خلیجی عرب ریاست میں کرونا کے 15181 فعال کیس ہیں۔ان میں زیادہ تر کی حالت بہتر ہے اور صرف 182 انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں زیر علاج ہیں۔

واضح رہے کہ کویت نے فروری میں کرونا وائرس کا پہلا کیس منظرعام پر آنے کے بعد سخت حفاظتی احتیاطی تدابیر کا نفاذ کیا تھا۔ حال ہی میں کویتی حکومت نے گھروں سے باہر چہرے پر ماسک نہ پہننے والے افراد کے لیے قدرے سخت سزا کا اعلان کیا ہے۔انھیں خلاف ورزی کی صورت میں تین ماہ جیل بھگتنا ہوگی یا 5000 کویتی دینار (16172 امریکی ڈالر) جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

حکومت نے عید الفطر کے موقع پر ملک بھر میں شام چار بجے سے صبح آٹھ بجے تک کرفیو نافذ کررکھا ہے۔یہ 30 مئی تک نافذ العمل رہے گا۔اس کے بعد اس میں مزید توسیع کی جاسکتی ہے۔