کرونا وائرس :سعودی عرب میں شفایاب مریضوں کی تعداد میں اضافہ،یومیہ کیسوں میں کمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب میں کرونا وائرس کے نئے مریضوں کی یومیہ تعداد میں مسلسل کمی واقع ہورہی ہے اور صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔سعودی وزارت صحت نے جمعرات کو اطلاع دی ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 کا شکار مزید3531 افراد صحت یاب ہوگئے ہیں جبکہ 1644 نئے کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے۔

وزارت صحت نے بتایا ہے کہ اس مہلک وَبا کا شکار 16 افراد وفات پا گئے ہیں۔ وہ مختلف پیچیدگیوں کا شکار ہوگئے تھے۔سعودی عرب میں اب تک کرونا سے مرنے والوں کی تعداد 441 ہوگئی ہے۔

Advertisement

مملکت میں اب تک کرونا وائرس سے 80185 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ ان میں 70 فی صد علاج معالجے اور بہتر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بدولت صحت یاب ہوچکے ہیں۔ان کی تعداد 54553 ہے۔

پابندیوں میں نرمی

سعودی وزارت داخلہ نے حالیہ دنوں میں کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے عاید کردہ بعض سفری پابندیوں میں نرمی اور سرکاری ونجی دفاتر بتدریج کھولنے کے اعلانات کیے ہیں۔

وزارت داخلہ کے ایک اعلامیے کے مطابق اب شہریوں اور مکینوں کو صوبوں کے درمیان سفر کی اجازت دی جارہی ہے اور کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عاید کردہ لاک ڈاؤن میں بھی جزوی طور پر نرمی کی جارہی ہے۔

سعودی وزارت صحت نے گذشتہ منگل کے روز 28مئی سے کرونا وائرس سے متعلق حکمت عملی کے نئے مرحلے کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اس نئی حکمت عملی پر اب عمل درآمد کیا جارہا ہے اور لاک ڈاؤن کے دوران میں عاید کردہ بعض پابندیوں میں نرمی کردی گئی ہے۔

وزارت داخلہ نے تھوک اور پرچون کا کاروبار کرنے والی مزید دکانوں اور شاپنگ مالوں کو کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے لیکن ان پر یہ شرط عاید کی ہے کہ وہ کاروباری سرگرمیوں کے دوران میں احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے اصول پر عمل درآمد جاری رکھیں گی۔

تاہم ایسی تمام سرگرمیوں پر تاحکم ثانی پابندی برقرار رہے گی جن میں سماجی فاصلے کو برقرار رکھنا ممکن نہ ہو۔

کرونا پابندیوں میں نرمی کے فیصلے کے تحت جمعہ سے مکہ مکرمہ کے سوا ملک بھر کے تمام علاقوں میں لوگوں کو صبح چھے بجے سے سہ پہر تین بجے تک آزادانہ نقل وحرکت کی اجازت ہوگی۔سعودی حکومت نے مساجد کو بھی پنج وقتہ نمازوں کی ادائی کے لیے دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں