سعودی عرب میں برطانیہ کے سفیر نیل کرمپٹن نے بدھ کے روز نجران میں سویلین آبادی پر یمن کے حوثی باغیوں کے ڈرون حملے کی کوشش کی شدید مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حوثی باغی امن چاہتے ہیں تو انہیں سعودی عرب پر حملوإں کا سلسلہ بند کرنا ہوگا۔
کرمپٹن نے ٹویٹر پرجمعرات کو ایک ٹویٹ میں کہا کہ میں گذشتہ روز سرحد پار سے حوثی باغیوں کے ڈرون حملوں کی مذمت کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ حوثی باغیوں کے حملوں سے لگتا ہے کہ وہ یمن میں امن کے لیے کوششیں کرنے میں سنجیدہ نہیں ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز یمن میں آئینی حکومت کے معاون عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ حوثی ملیشیا نے سعودی عرب کے سرحدی علاقے نجران پر ڈرون طیارے سےحملے کی کوشش کی تھی جس پر جوابی کارروائی کرکے ڈرون طیارے کو مار گرایا گیا۔
المالکی نے کہا کہ حوثی باغی ڈرون طیاروں کے ذریعے شہری آبادی کو نشانہ بنا کر کھلے عام دہشت گردی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ عرب اتحاد اور یمن کی حکومت امن کے لیے جنگ بندی کی کوششیں کررہی ہے جب کہ حوثی باغی اپنے جرائم کو آگے بڑھا رہے ہیں۔