ایران ۔ وینز ویلا میں تیل کی ترسیل میں معاونت کرنے والوں کو امریکی پابندیوں کی تنبیہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے خفیہ طور پر دوسری حکومتوں، بندرگاہوں، جہاز رانی اور انشورنس کمپنیوں کو متنبہ کیا ہے کہ اگر وہ ایرانی ایندھن کو وینزویلا لے جانے والے ٹینکروں کو سفری سہولت فراہم کرتے یا انہیں کسی قسم کی مدد فراہم کرتے ہیں تو انہیں سخت نوعیت کی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

وینزویلا کے لیے واشنگٹن کے نمائندے ایلیوٹ ابرامس نے کہا کہ ایران اور وینزویلا کو نشانہ بنانے والی دباؤ مہم جو امریکی پابندیوں کے تابع ہے کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ہر کوئی جانتا ہے کہ اس عمل میں مدد فراہم کرنا بڑے خطرات کا باعث بن سکتا ہے۔

Advertisement

خیال رہے کہ جمعرات کے روز ایران کی طرف سے وینز ویلا کو تیل سے لدے چوتھے بحری جہاز کی کھیپ موصول ہوئی ہے۔ ایران کی طرف سے اس کے اتحادی وینز ویلا کو تیل کی سپلائی امریکا کو کھلا چیلنج دینے کے مترادف ہے۔ ایران کی طرف سے یکے بعد دیگر تیل بردار جہاز وینز ویلا کی طرف روانہ کیے جا رہے ہیں۔ اس وقت بھی ایران کے متعدد آئل ٹینکر بحر اوقیانوس میں سفر کررہے ہیں۔

امریکی عہدیدار ابرامز نے ایک انٹرویو میں وضاحت کی کہ ہم نے دنیا بھر میں جہاز رانی ، جہاز مالکان، جہازوں کے کپتانوں ، اور جہاز انشورنس کمپنیوں کو انتباہ کیا ہےکہ ایران اور وینزویلا کے درمیان تیل کی ترسیل میں معاونت کے سنگین مضمرات سامنے آئیں گے۔

امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ امریکا نے متعدد ممالک سے ٹینکروں کے لیے بندرگاہ خدمات کی فراہمی کو روکنے کے لیے کہا ہے۔ تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اس کا کیا اثر پڑے گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں