.

سعودی عرب :کرونا وائرس سے 22 اموات،1618نئے کیس ،1870 مریض شفایاب

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں کرونا وائرس کا شکار 22 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ نئے مریضوں کی یومیہ تعداد میں مسلسل کمی کا رجحان جاری ہے اور صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔

سعودی وزارت صحت نے ہفتے کے روز بتایا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 کے 1870 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں جبکہ 1618 نئے کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے۔

وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے بتایا ہے کہ مملکت میں اب تک اس مہلک وائرس کا شکار 58883 مریض شفایاب ہوچکے ہیں جبکہ اس سے مرنے والوں کی تعداد 480 ہوگئی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹے میں دارالحکومت الریاض ، جدہ اور مکہ مکرمہ میں کرونا وائرس کے سب سے زیادہ کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

سعودی وزارت صحت نے جمعرات سے کرونا وائرس سے متعلق حکمت عملی کے نئے مرحلے کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔اس کے تحت لاک ڈاؤن کے دوران میں عاید کردہ بعض پابندیوں میں نرمی کردی گئی ہے۔

وزارت داخلہ نے تھوک اور پرچون کا کاروبار کرنے والی مزید دکانوں اور شاپنگ مالوں کو کھولنے کی اجازت دے دی ہے لیکن ان پر یہ شرط عاید کی ہے کہ وہ کاروباری سرگرمیوں کے دوران میں احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے اصول پر عمل درآمد جاری رکھیں گے۔ تاہم ایسی سرگرمیوں پر بدستور تاحکم ثانی پابندی عاید رہے گی جہاں سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ممکن نہیں۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں اب تک کرونا وائرس کی وَبا پھیلنے کے بعد 5945737 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 365368 اموات ہوئی ہیں جبکہ اس کا شکار 2507354 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔