.

سعودی عرب: جدہ کا مرکزی ہوائی اڈا دوبارہ کھل گیا،اندرون ملک 40 پروازوں کی آمدورفت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے کو کوئی سوا دو ماہ کے بعد دوبارہ اندرون ملک پروازوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کی ویب سائٹ پر پوسٹ کی گئی تصاویر کے مطابق ہوائی اڈے کا عملہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کی وضع کردہ پیشگی حفاظتی تدابیر پر دوسرے اداروں کے ساتھ تعاون سے عمل درآمد کررہا ہے۔

ان حفاظتی تدابیر کے تحت ہوائی اڈے پر آنے والے مسافروں اور زائرین کا تھرمل کیمروں سے معائنہ کیا جارہا ہے۔سیڑھیوں ، انتظار گاہوں اور برقی راستوں کو مصفا کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔ہوائی اڈے پر آنے والے مسافروں اور زائرین کو یہ تلقین کی جارہی ہے کہ وہ وہاں قیام کے دوران میں سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔

شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹرمینل 1 سے اتوار کو 40 پروازوں کی آمد ورفت ہوئی ہے۔ ان میں 16 پروازیں سعودی ائیرلائنز کی تھیں،12 فلائی ادیل ائیرلائنز اور 12 پروازیں فلائی ناس کی تھیں۔ یہ تمام پروازیں دارالحکومت الریاض ، الدمام ، ابھا اور جازان کو روانہ ہوئی تھیں یا ان کی وہاں سے آمد ہوئی تھی۔

سعودی عرب کے محکمہ شہری ہوا بازی نے گذشتہ ہفتے 31 مئی سے اندرون ملک پروازوں کی بحالی کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ فی الوقت سعودی فضائی کمپنیاں ہی اندرون ملک مختلف شہروں کے درمیان پروازیں چلائیں گی۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے 20 مارچ کو کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے اقدامات کے تحت اندرون ملک تمام پروازیں معطل کردی تھیں اور اب انھیں کوئی سوا دو ماہ کے بعد بحال کیا گیا ہے۔