.

مونٹریال میں کوہانی پیٹھ والی وہیل مچھلی ... اپنی نوعیت کا نادر واقعہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

کینیڈا کے شہر مونٹریال کی پرانی بندرگاہ پر ہفتے کے روز سے ایک کوہانی پِیٹھ والی وہیل مچھلی دیکھی جا رہی ہے۔ یہ ایک نادر نوعیت کا واقعہ ہے کیوں کہ کیبک صوبے میں واقع یہ شہر اس پستانیہ جانور کے پائے جانے کے قدرتی مقام سے سیکڑوں کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے۔

غالبا یہ وہ ہی وہیل ہے جو چند روز قبل کیبک شہر میں سین لوران دریا میں دیکھی گئی تھی۔ بعد ازاں ہفتے کی صبح یہ مونٹریال پہنچ گئی۔ سمندری پستانیہ جانوروں سے متعلق ہنگامی صورت حال کے کیبک نیٹ ورک کی ترجمان میری مولر کے مطابق یہ پہلا موقع ہے جب مونٹریال شہر میں ایک کوہانی پیٹھ والی وہیل مچھلی کو دیکھا گیا .. یہ شہر مذکورہ سمندری پستانی جانور کے قدرتی مقام سے 400 کلوم میٹر کی دوری پر واقع ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ "اتنی مسافت سے اس وہیل مچھلی کے مونٹریال پہنچنے کے پیچھے بہت سے عوامل ہو سکتے ہیں۔ اس کے کم عمر ہونے (دو یا تین برس کے ہونے) کے سبب غالب گمان ہے کہ یہ شکار کے دوران راستہ بھٹک گئی"۔

اس وہیل مچھلی کی صحت کے بارے میں جاننے کے لیے ایک خصوصی ٹیم بھیجی گئی۔ میری مولر کے مطابق یہ وہیل کئی ماہ تک مونٹریال میں رہ سکتی ہے۔

ترجمان نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ پستانی جانور خود سے ہی اپنے خاندان کی طرف واپس لوٹ جانے کا راستہ اختیار کر لے گا۔

کوہانی پِیٹھ والی وہیل مچھلی کی لمبائی 13 سے 17 میٹر تک ہوتی ہے جب کہ سن بلوغ میں اس کا وزن 40 ٹن تک ہو سکتا ہے۔