.

کرونا وائرس: سعودی عرب میں 1881 نئے کیسوں کی تشخیص،24 مریض وفات پا گئے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب نے سوموار کو کرونا وائرس کے 1881 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے جس کے بعد مملکت میں کل کیسوں کی تعداد 87142 ہوگئی ہے۔

سعودی وزارتِ صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 کے 24 مریض وفات پا گئے ہیں اور اب وفات پانے والے مریضوں کی تعداد 525 ہوگئی ہے۔

وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ گذشتہ ایک روز میں سب سے زیادہ کیس دارالحکومت الریاض میں رپورٹ کیے گئے ہیں،ان کی تعداد 668 ہے۔اس کے بعد جدہ میں سب سے زیادہ کیس سامنے آئے ہیں اور وہاں حکام نے 298 نئے کیسوں کے اندراج کی اطلاع دی ہے۔الدمام میں 260 اور مکہ مکرمہ میں 164 کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔ باقی کیس سعودی عرب کے دوسرے شہروں اور صوبوں میں ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

ترجمان نے بتایا ہے کہ سوموار کو کرونا وائرس کے مزید 1864 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔اس طرح اب تک کل صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 64306 ہوگئی ہے۔

سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے ہفتے کے روز العربیہ نیوز سے گفتگو میں بتایا تھا کہ ملک میں کرونا وائرس کا شکار ہونے والے 70 فی صد سے زیادہ مریض تن درست ہوچکے ہیں۔

ان کے بہ قول سعودی ماہرین نے کرونا وائرس کے علاج کے لیے پروٹو کول وضع کیے تھے اور ان پر عمل درآمد کی وجہ سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ’’ان پروٹو کول پر کرونا وائرس کے علاج اور طریق کار کے تعلق سے عالمی سطح پر رونما ہونے والی کسی بھی نئی پیش رفت کی روشنی میں نظرثانی کی جاتی ہے۔‘‘

سعودی عرب نے کروناوائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے صحت کے پروٹوکول پر سختی سے عمل درآمد کیا ہے اور بالکل ابتدا سے اس وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے سخت انتظامی اقدامات کیے تھے۔اس نے اس وبا کے پھیلنے کے بعد اندرون اور بیرون ملک پروازوں پر پابندی عاید کردی تھی۔تمام بڑے شہروں میں 24 گھنٹے کا کرفیو نافذ کردیا تھا اور کاروباروں کو بند کردیا تھا لیکن اب بتدریج ان پابندیوں میں نرمی کی جارہی ہے یا مکمل طور پر ختم کیا جارہا ہے۔