ابوظبی ائیر پورٹ کے حکام نے 10 جون سے سرکاری فضائی کمپنی اتحاد کی 20 ٹرانزٹ پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔
اتحاد ائیر ویز 10 جون سے ابو ظبی سے جکارتہ ، کراچی ، کوالالمپور ، منیلا ، میلبورن ، سیول ، سنگاپور ، سڈنی اور ٹوکیو کے لیے رابطہ پروازیں چلائے گی۔ان شہروں کے علاوہ یورپ کے بڑے شہروں ایمسٹرڈیم ، بارسلونا ، برسلز ، ڈبلن ، فرینکفرٹ ، جنیوا ، لندن کے ہیتھرو ہوائی اڈے،میڈرڈ ، میلان، زیورخ اور پیرس کے چارلس ڈیگال ہوائی اڈے کے لیے بھی پروازیں چلائے گی۔
متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ تجارتی پروازوں کی بحالی ملک کے شہری ہوابازی کے شعبے کے دوبارہ احیاء کا بھی آغاز ہے۔
ابو ظبی ائیر پورٹس کے چیئرمین شیخ محمد بن حمد بن تہنون آل نہیان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ '' ابو ظبی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے منتقلی پروازوں کی بحالی قومی ہوابازی کے شعبے کے لیے ایک خاص موقع ہے۔یہ سنگ میل ہماری دانش مند قیادت کے کووِڈ-19 کے اثرات سے نمٹنے کے لیے فوری ردعمل اور اقدامات کی بدولت ممکن ہوا ہے۔''
انھوں نے مزید کہا ہے کہ ''ہم نے بڑی تعداد میں مسافروں کی اپنے ہوائی اڈوں پر واپسی کے لیے بڑی جامع تیاریاں کی ہیں۔ہم اپنی دیرینہ شراکت دار اتحاد ائیر ویز کے ساتھ مل کر صحت اور تحفظ کے اقدامات کے نفاذ کے لیے کام کرتے رہے ہیں۔مسافروں اور ہمارے ملازمین کی فلاح ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے یو اے ای کے شہری ہوابازی کے متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر کام جاری رکھیں گے۔''
قبل ازیں متحدہ عرب امارات نے بدھ کو اپنے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈے محدود پروازوں کے لیے کھولنے کااعلان کیا تھا۔ان ہوائی اڈوں پر ٹرانزٹ پروازوں ، تارکین وطن کی واپسی یا اماراتی شہریوں اور مکینوں کو لانے والی پروازوں کو اترنے یا وہاں سے روانہ ہونے کی اجازت ہوگی۔
تاہم یو اے ای کی قومی اتھارٹی برائے ایمرجنسی ، کرائسیس اور ڈیزاسٹر کے ترجمان ڈاکٹر سیف الظاہری نے ایک نیوز بریفنگ میں وضاحت کی تھی کہ ملک میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مسافر پروازوں کی معطلی کا فیصلہ اب بھی مؤثرالعمل ہے۔
جن فضائی کمپنیوں کو پروازیں چلانے کی اجازت دی گئی ہے، ان میں امارات ائیر لائن ، اتحاد ، فلائی دبئی اور ائیر عربیہ شامل ہیں۔ وہ متحدہ عرب امارات سے اپنے آبائی ممالک کو لوٹنے کے خواہاں تارکین وطن یا سیاحوں کے لیے عارضی طور پر محدود پیمانے پر پروازیں چلائیں گی۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے 25 مارچ کو کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اندرون اور بیرون ملک تمام پروازوں کی آمد ورفت معطل کردی تھی۔اس کے بعد سے ابوظبی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے صرف خصوصی مال بردارپروازیں یا تارکین وطن کی واپسی کے لیے پروازیں چلائی گئی ہیں۔