کرونا وائرس : امریکا میں مزید 1000 متاثرین فوت ، برازیل میں ایک دن میں ریکارڈ اموات
امریکا میں جونز ہیپکنز یونیورسٹی کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا وائرس کے سبب مزید 1021 افراد اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔
جمعے کے روز جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ اب تک امریکا میں اس وبائی مرض کا شکار ہو کر مرنے والوں کی مجموعی تعداد 108000 سے زیادہ ہو چکی ہے۔ امریکا میں کرونا وائرس کے مصدقہ کیسوں کی کُل تعداد 18.7 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ ان میں 4.85 لاکھ افراد کے صحت یاب ہونے کا اعلان کیا جا چکا ہے۔
ادھر چین میں قومی صحت کمیشن نے جمعے کے روز اعلان میں بتایا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا وائرس کے 5 نئے کیسوں کا اندراج ہوا ہے۔ ان کے علاوہ 3 کیس ایسے ہیں جن میں مرض کی علامات نہیں پائی گئیں۔ کمیشن کے مطابق مذکورہ پانچوں افراد چین کے باہر سے آنے والوں کے ہیں۔ واضح رہے کہ جن مریضوں پر وائرس کی علامات ظاہر نہیں ہوتیں انہیں چین میں مصدقہ کیس شمار نہیں کیا جاتا۔
چین میں اب تک کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 83027 ہو گئی ہے۔ ملک میں اس وبائی مرض کے سبب مرنے والوں کی تعداد 4634 پر آ کر ٹھہر گئی ہے۔
جمعے کی صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق برازیل میں کرونا سے مرنے والوں کی تعداد 34 ہزار ہو چکی ہے۔ اموات کی تعداد کے لحاظ سے برازیل اب دنیا بھر میں تیسرے نمبر پر آ گیا۔
برازیل کی وزارت صحت کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا وائرس کے سبب 1473 ریکارڈ اموات کا اندراج ہوا۔ اس طرح اب تک کُل 614941 متاثرین میں سے 34021 مریض وفات پا چکے ہیں۔ اطالیہ میں کرونا کے مصدقہ کیسوں کی تعداد 234013 اور اموات کی تعداد 33689 ہو گئی ہے۔
برازیل کی مجموعی آبادی 21.2 کروڑ ہے۔ یہاں کرونا سے سب سے زیادہ متاثرہ دو ریاستوں ساؤ پاؤلو اور ریو ڈی جنیرو میں صحت کا نظام بیٹھ جانے کے قریب ہے۔ ملک کے شمال اور شمال مشرق میں متعدد ریاستوں میں اسی قسم کی صورت حال کا سامنا ہے۔
براعظم لاطینی امریکا میں کرونا کے کیسوں اور اموات کی آدھی سے زیادہ تعداد برازیل میں ریکارڈ کی گئی ہے۔
ادھر پیرو میں وزارت صحت نے جمعے کے روز اعلان میں بتایا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے سبب مزید 137 اموات اور 4284 کیسوں کا اندراج ہوا ہے۔ اس طرح ملک میں اس وبائی مرض سے متاثر ہو کر فوت ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5031 ہو گئی ہے۔ ملک میں اس وبائی مرض کے کُل 183198 کیس سامنے آ چکے ہیں۔
برازیل کے بعد پیرو لاطینی امریکا میں کرونا وائرس سے دوسرا سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔