سعودی عرب نے منگل کے روز گذشتہ 24 گھنٹے میں کروناوائرس کے 3288 نئے کیسوں اور 37 اموات کی اطلاع دی ہے۔
سعودی وزارتِ صحت کے فراہم کردہ اعداد وشمار کے مطابق مملکت میں کرونا وائرس کے کل کیسوں کی تعداد 108571 ہوگئی ہے۔اس مہلک وَبا کا شکار ہونے والے 783 افراد وفات پاچکے ہیں۔
وزارتِ صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمدالعبد العالی نے بتایا ہے کہ گذشتہ قریباً ایک ہفتے کے رجحان کے مطابق آج بھی دارالحکومت الریاض میں کرونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض سامنے آئے ہیں اور ان کی تعداد 1099 ہے۔
ساحلی شہر جدہ میں 447 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔سعودی وزارت داخلہ نے جدہ میں کرونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے لیے ہفتے سے دوبارہ کرفیو نافذ کردیا ہے۔باقی کیس سعودی عرب کے دوسرے شہروں اور علاقوں سے رپورٹ ہوئے ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق کووِڈ-19 کے مرض میں مبتلا مزید 1815 افراد تن درست ہوگئے ہیں اور اب صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 76339 ہوگئی ہے۔
#الصحة تعلن عن تسجيل (3288) حالة إصابة جديدة بفيروس #كورونا الجديد (كوفيد19)، وتسجيل (37) حالات وفيات رحمهم الله، وتسجيل (1815) حالة تعافي ليصبح إجمالي عدد الحالات المتعافية (76,339) حالة ولله الحمد. pic.twitter.com/W9lWAFpMiO
— و ز ا ر ة ا لـ صـ حـ ة السعودية (@SaudiMOH) June 9, 2020
ڈاکٹر العبد العالی نے خبردار کیا ہے کہ سیکڑوں لوگ پابندیوں میں نرمی کے بعد سے کرونا سے بچاؤ کے لیے پیشگی حفاظتی تدابیر پر عمل نہیں کررہے ہیں جس کی وجہ سے سعودی عرب میں کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
سعودی وزارت داخلہ نے جمعہ کو خبردار کیا تھا کہ اگر دارالحکومت الریاض میں کیسوں کی تعداد میں اسی طرح مسلسل اضافہ جاری رہا تو پھر شہر میں دوبارہ سخت پابندیاں نافذ کی جاسکتی ہیں۔وزارت داخلہ نے جدہ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر ہفتے سے دوبارہ سہ پہر تین بجے سے صبح چھے بجے تک کرفیو نافذ کردیا ہے۔
ڈاکٹر محمد العبد العالی کا کہنا تھا کہ الریاض اور جدہ میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر اور پابندیوں کی سخت پاسداری کی ضرورت ہے۔