متحدہ عرب امارات نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 37 ہزار نئے ٹیسٹ کیے ہیں اور ان کے بعد 528 نئے مثبت کیسوں کی تصدیق کی ہے۔امارات میں اب کووِڈ-19 کے کل تشخیص شدہ کیسوں کی تعداد 39904 ہوگئی ہے۔
امارات کی وزارت صحت نے منگل کے روز کووِڈ-19 کے دو مریضوں کی وفات کی بھی اطلاع دی ہے۔اس طرح اب اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 283 ہوگئی ہے۔
یو اے ای میں کرونا وائرس کے مذکورہ تصدیق شدہ کیسوں میں سے 22740 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
Additional 37,000 Covid-19 tests were conducted by @mohapuae revealing 528 new cases and bringing the total number of cases to 39,904. The new cases identified are undergoing treatment. #UAEGov
— UAEGov (@uaegov) June 9, 2020
اماراتی حکومت نے سوموار کو کرونا وائرس کی پابندیوں کے سبب اقامتی قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب تمام افراد کو اپنے آبائی ممالک کو لوٹنے کی اجازت دے دی تھی اور ان پر عاید جرمانے معاف کرنے کا اعلان کیا تھا۔18 مئی سے 18 اگست تک زاید المیعاد قیام کرنے والے تمام افرادکے یہ جرمانے معاف کیے جارہے ہیں۔
یو اے ای کے دارالحکومت اور امارت ابو ظبی نے گذشتہ روز شہریوں اور مکینوں کے دخول اور خروج پر عاید کردہ پابندی میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کردی ہے۔ دارالحکومت اور امارت ابوظبی میں شامل شہروں کے درمیان کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے افراد کی نقل وحرکت پریکم جون کو ایک ہفتے کے لیے پابندی عاید کی گئی تھی۔ اس دوران میں شہریوں اور مکینوں کے بڑے تعداد میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔