سعودی عرب: کووِڈ-19 کے ایک دن میں سب سے زیادہ 3717 کیس ریکارڈ ،36 اموات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب میں بدھ کو کرونا وائرس کے 3717نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔اب تک مملکت میں ایک دن ریکارڈ کیے جانے والے یہ سب سے زیادہ کیس ہیں۔ان کے بعد مملکت میں کل تشخیص شدہ کیسوں کی تعداد 112288 ہوگئی ہے۔

سعودی وزارتِ صحت کے مطابق کووِڈ-19 کا شکار مزید 36 مریض وفات پاگئے ہیں۔اس طرح اب تک اس مہلک وائرس سے 819 اموات ہوچکی ہیں جب کہ مزید 1615 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں اور اب کل صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 77954 ہوگئی ہے۔

دارالحکومت الریاض میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 کے 1300 سے زیادہ کیس سامنے آئے ہیں۔ساحلی شہر جدہ میں 460 اور الہفوف میں 194 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ مکہ مکرمہ میں کرونا کے کیسوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔وہاں 140 اور مدینہ منورہ میں 127 کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔

سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے منگل کو ایک نیوز بریفنگ میں خبردار کیا تھا کہ لوگوں نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پیشگی حفاظتی اور احتیاطی تدابیر کو نظرانداز کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہواہے جس کی وجہ سے مملکت میں کووِڈ-19 کے فعال کیسوں کی تعداد اور اموات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

انھوں نے شہریوں اور مکینوں پر زوردیا تھا کہ وہ سماجی فاصلے کے ضابطے اور پیشگی حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری کریں۔ان کے بہ قول سعودی عرب میں کووِڈ-19 کے 40 فی صد کیس وزارتِ صحت کی رہ نما ہدایات کی پاسداری نہ کرنے کا نتیجہ ہیں۔

انھوں نے وضاحت کی ہے کہ بیسیوں نوجوان مرد وخواتین نے گھروں سے باہر نکلتے حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری نہیں کی، باہر گھوم پھر کر جب وہ اپنے گھروں کو لوٹے تو ان کا خاندان کے ارکان سے میل ملاپ ہوا،ان میں ضعیف العمر اور بچے بھی شامل تھے اور اس طرح وہ دوسرے لوگوں میں کرونا وائرس منتقل کرنے کا ذریعہ بنے ہیں۔

سعودی حکام نے آج شہریوں اور مکینوں کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ وہ کرفیو کے اوقات میں ہنگامی بنیاد پر طبی اجازت نامے کےحصول کے لیے توکلنا ایپ استعمال کریں اور اس پر درخواست دیں۔

یہ ایپ سعودی انجمن ہلال احمر اور سعودی صحت کونسل کے تعاون سے تیار کی گئی تھی اور اس کا مقصد کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے رات کو نافذ کرفیو کے اوقات میں عوام کی مجاز نقل وحرکت کا انتظام کرنا ہے۔

سعودی عرب نے بتدریج معمول کے حالات کی بحالی کے لیے تین مراحل پر مشتمل منصوبہ وضع کیا ہے اور اس وقت دوسرے مرحلے پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔اس کے تحت بعض پابندیوں کے ساتھ مخصوص کاروباروں اور دفاتر کو کھولنے کی اجازت دی جارہی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں