سعودی عرب : کرونا کے روزانہ کیسوں کی تعداد میں معمولی کمی ،3366 نئے مریضوں کی تشخیص
سعودی عرب میں کرونا وائرس کے روزانہ کیسوں کی تعداد میں معمولی کمی واقع ہوئی ہے اور ہفتے کے روز 3366 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔ان کے بعد مملکت میں کل تشخیص شدہ کیسوں کی تعداد 123308 ہوگئی ہے۔
سعودی وزارت صحت نے اطلاع دی ہے کہ کرونا وائرس کا شکار مزید 1519 مریض تن درست ہوگئے ہیں جبکہ 39 وفات پا گئے ہیں۔مملکت میں اب تک کووِڈ-19 سے 932 مریض وفات پا چکے ہیں اور کل صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 82548 ہوگئی ہے۔
حالیہ دنوں کے رجحان کے عین مطابق آج بھی سعودی دارالحکومت الریاض میں کرونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے۔اس کے بعد جدہ اور پھر مکہ مکرمہ میں بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے گذشتہ منگل کو خبردار کیا تھا کہ لوگوں نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پیشگی حفاظتی اور احتیاطی تدابیر کو نظرانداز کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہواہے جس کی وجہ سے مملکت میں کووِڈ-19 کے فعال کیسوں کی تعداد اور اموات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
انھوں نے شہریوں اور مکینوں پر زوردیا تھا کہ وہ سماجی فاصلے کے ضابطے اور حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری کریں۔ان کے بہ قول سعودی عرب میں کووِڈ-19 کے 40 فی صد کیس وزارتِ صحت کی رہ نما ہدایات کی پاسداری نہ کرنے کا نتیجہ ہیں۔
سعودی حکومت نے حالیہ دنوں میں ملک بھر میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیےعاید کردہ پابندیوں میں بتدریج نرمی کردی ہے۔مملکت بھر میں مساجد کو نمازِ جمعہ کے لیے کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے لیکن حکومت نے اس کی شرط یہ عاید کی ہے کہ انھیں نماز جمعہ کے آغاز سے صرف 40 منٹ قبل کھولا جانا چاہیے۔
ملک بھر میں 31 مئی سے سرکاری شعبے کے ملازمین نے بھی اپنے دفاتر یا کام کی جگہوں پر بتدریج لوٹنا شروع کردیا ہے اور توقع ہے کہ اتوار 14 جون کو سرکاری دفاتر میں ان کی حاضری مکمل ہوجائے گی۔