امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین سے پھیلنے والے کرونا وائرس کے حوالے سے کہا ہے کہ امریکی فوج کو چین سے آئے ایک غیر مرئی دشمن کا سامنا ہے۔ انہوں نےایک بار پھر چین پر الزام لگایا کہ بیجنگ کرونا وبا سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہاہے۔
امریکی صدر نے ویسٹ پوائنٹ ملٹری کالج گریجویشن کی تقریب میں کہا کہ کوئی بھی فوج امریکی فوج کا مقابلہ نہیں کرسکتی ہے۔ امن برقرار رکھنے میں امریکی فوج دنیا کی سب سے بڑی قوت ہے۔
صدر ٹرمپ نے زور دیا کہ امریکی اداروں کا ستحکام ان کے ملک کی برتری کا راز ہے۔
قابل ذکر ہے کہ امریکی انٹلیجنس نے گذشتہ مئی میں ایک رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ چین نے کرونا وائرس کے حوالےسے حقائق چھپا کر دنیا کو گمراہ کیا تھا۔ چین کے اس اقدام سے کرونا کی وبا عالمی شکل اختیار کرگئی تھی۔
"فاکس نیوز" کے ذریعہ نشر ہونے والی اس رپورٹ کے مطابق امریکی انٹیلی جنس کے تین عہدیداروں نے کہا کہ چین نے کرونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے ساتھ مریضوں کی تعداد اور ہلاکتوں کی اطلاعات کو کم کرکے دنیا کو گمراہ کیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کو بھیجی گئی ایک خفیہ رپورٹ میں عہدیداروں نے بتایا کہ COVID-19 کے متاثر ہونے کا چین کا عوامی ریکارڈ جان بوجھ کر مخفی رکھا گیا۔
اس رپورٹ میں امریکی انٹیلی جنس کے تین افسران کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ انہوں نے گذشتہ ہفتے وائٹ ہاؤس کو آگاہ کیا تھا کہ وائرس کے بارے میں بیجنگ کے اعدادو شمار گمراہ کن ہیں۔ ان میں سے دو ذرائع نے ان اعداد و شمار کو حد درجہ گمراہ کن قرار دیا ہے۔ اس رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ شکوک و شبہات میں چین کی کرونا متاثرین کی تعداد کم کرنے کے فیصلے کے نتیجے میں پوری دنیا میں مہلک نتائج برآمد ہوئے۔