متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے روزانہ کیسوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے اور اتوار کو یو اے ای کی وزارتِ صحت 304 نئے کیسوں کی اطلاع دی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے میں ملک بھر میں کرونا وائرس کے 43 ہزار سے زیادہ ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور ان کے بعد نئے کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے۔یو اے ای میں اب کل تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد 42294 ہوگئی ہے۔
آج کووِڈ-19 میں مبتلا ایک اور شخص وفات پا گیا ہے جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد 289 ہوگئی ہے۔یو اے ای میں اب تک کرونا وائرس کے 27462 مریض شفایاب ہوچکے ہیں۔
یو اے ای نے اس مہلک وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عاید کردہ پابندیوں میں حال ہی میں نرمی کرنا شروع کردی ہے اور صرف دارالحکومت ابو ظبی میں لوگوں کے داخلے اور وہاں سے خروج پر پابندی عاید ہے۔
دبئی اسپورٹس کونسل کے ایک بیان کے مطابق امارات دبئی میں عوامی پیراکی کےتالابوں کو جمعہ سے دوبارہ کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے اور پانی سے متعلق کھیلوں کی سرگرمیوں پر عاید پابندی بھی ختم کردی گئی ہے۔اس کا اطلاق ہوٹلوں ، صحت کلبوں ،جِم اور تفریحی کلبوں کے علاوہ اقامتی اور تجارتی تنصیبات پر ہوگا۔
تاہم بیان کے مطابق افراد، گروپوں اور کاروباروں کو ایسی سرگرمیوں میں حصہ لیتے وقت کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پیشگی حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری کرنا ہوگی۔