.

سعودی عرب : کرونا وائرس کے قریباً 5000 نئے کیسوں کی تشخیص

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 4919 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ مملکت میں ایک دن میں اب تک کرونا کے یہ سب سے زیادہ تشخیص شدہ کیس ہیں۔

سعودی وزارت صحت نے بدھ کو اطلاع دی ہے کہ اب مملکت میں کرونا وائرس کے کل کیسوں کی تعداد 141234 ہوگئی ہے جبکہ کووِڈ-19 کا شکار مزید 39 مریض وفات پا گئے ہیں جس کے بعد مرنے والے مریضوں کی تعداد 1091 ہوگئی ہے۔

گذشتہ دو ہفتوں کے رجحان کے عین مطابق دارالحکومت الریاض میں سب سے زیادہ کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے اور وہاں 2371 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔باقی کیس مملکت کے دوسرے علاقوں اور شہروں سے رپورٹ ہوئے ہیں۔

وزارت نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ کام کی ایک جگہ پر 10 افراد ماسک نہ پہننے اور سماجی فاصلہ اختیار نہ کرنے کی وجہ سے کرونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔ان میں دو کی حالت تشویش ناک ہے۔ نیز گذشتہ 24 گھنٹے میں مزید 2122 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔

بین الاقوامی پروازوں کی معطلی برقرار

سعودی حکام نے سوموار کو مملکت میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافے کے پیش نظر بین الاقوامی پروازوں کی آمد ورفت کی معطلی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سعودی ائیرلائن کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے بیرون ملک پھنسے ہوئے سعودی شہریوں کو لانے والی پروازوں کو مملکت کے مخصوص ہوائی اڈوں پر اُترنے کی اجازت ہوگی۔

سعودی حکومت نے اپنی دو فضائی کمپنیوں کو 31 مئی کو اندرون ملک پروازیں چلانے کی اجازت دے دی تھی۔وہ اب مختلف شہروں کے درمیان پروازیں چلا رہی ہیں۔سعودی عرب نے مارچ میں کرونا کی وبا پھیلنے کے بعد اندرون ملک پروازیں معطل کردی تھی اور صوبوں کے درمیان سفر بھی پابندی عاید کردی تھی۔

مقبول خبریں اہم خبریں