کرونا وائرس : اماراتی شہریوں اور مکینوں کو کم خطرے کے حامل ممالک کے سفر کی اجازت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

متحدہ عرب امارات نے اپنے شہریوں اور مکینوں کو کرونا وائرس کے حوالے سے کم خطرے سے دوچار بعض ممالک کے فضائی سفر کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

امارات کے ایک اعلیٰ عہدہ دار نے بدھ کو پریس کانفرنس میں اس فیصلے کا اعلان کیا ہے لیکن ان ممالک کی فہرست جاری نہیں کی ہے جہاں اماراتی شہری اور مکین جا سکیں گے۔

دریں اثناء دبئی نے جمعرات 18 جون سے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عاید کردہ بعض پابندیوں کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے اور 60 سال سے زاید عمر کے شہریوں اور 12 سال سے کم عمر بچوں کو شاپنگ مالوں ، سوئمنگ پولز ، بیچز، پبلک پارکوں اور بعض سینما گھروں میں جانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

دبئی اسپورٹس کونسل کے ایک بیان کے مطابق امارات دبئی میں عوامی پیراکی کےتالابوں کو گذشتہ جمعہ سے دوبارہ کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے اور پانی سے متعلق کھیلوں کی سرگرمیوں پر عاید پابندی ختم کردی گئی ہے۔اس کا اطلاق ہوٹلوں ، صحت کلبوں ،جِم اور تفریحی کلبوں کے علاوہ اقامتی اور تجارتی تنصیبات پر ہوگا۔

تاہم بیان کے مطابق افراد، گروپوں اور کاروباروں کو ایسی سرگرمیوں میں حصہ لیتے وقت کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پیشگی حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری کرنا ہوگی۔

مقبول خبریں اہم خبریں