کرونا وائرس کے سبب بیجنگ کے دونوں ہوائی اڈوں کی 70% پروازیں منسوخ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

چین کے دارالحکومت بیجنگ میں کرونا وائرس کی واپسی کے بعد وہاں کی آبادی میں کئی روز سے خوف و ہراس چھایا ہوا ہے۔ بیجنگ میں کرونا وائرس کے نئے کیسوں کا اندراج ہوا ہے۔ اس سے قبل حکام نے اعلان کیا تھا کہ اس وبا پر قابو پا لیا گیا ہے جو دنیا بھر میں 80 لاکھ سے زیادہ انسانوں کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے۔

گذشتہ روز اسکولوں اور جامعات کے بند کر دینے کے بعد چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے اعلان کیا ہے کہ دارالحکومت میں کرونا وائرس کے نئے کیسوں کے سامنے آنے کے سبب بیجنگ کے دو ہوائی اڈوں نے بدھ کے روز ایک ہزار سے زیادہ فضائی پروازیں منسوخ کر دیں۔

Advertisement

چین کے دو معروف اخبارات کے مطابق مجموعی طور پر 1225 پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ ان پروازوں کو بیجنگ کے دو ہوائی اڈوں سے اڑان بھرنا تھی یا وہاں پر اترنا تھا۔ یہ تعداد دونوں ہوائی اڈوں پر طے شدہ مجموعی پروازوں کا 70% ہے۔

ادھر بیجنگ کے میئر نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دارالحکومت میں کرونا وائرس کے 31 نئے کیسوں کا اندراج ہوا۔ اس طرح گذشتہ چھ روز میں بیجنگ میں اس وبا کے 137 متاثرین کا انکشاف ہوا ہے۔ حکام نے شہر میں تقریبا 30 رہائشی کمپاؤنڈ میں لاک ڈاؤن کر دیا ہے اور اس دوران ہزاروں افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ بیجنگ کی بلدیہ نے گذشتہ روز خبردار کیا تھا کہ صورت حال بہت خطر ناک ہے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ بیجنگ میں کرونا کی دوبارہ واپسی کا آغاز چین ویڈی فوڈ مارکیٹ سے ہوا ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ چند ماہ کے دوران چین نے کرونا وائرس کو قابو کرنے کے لیے کیے گئے زیادہ تر حفاظتی اقدامات میں نرمی کر دی۔ حکومت کے نزدیک اس نے گذشتہ سال کے اواخر میں ووہان شہر میں نمودار ہونے والی اس وبا پر قابو پا لیا ہے۔

بیجنگ میں اس وقت روزانہ 90 ہزار افراد کا کرونا ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔

گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بیجنگ سے باہر چین کے بقیہ حصوں میں کرونا کے 13 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ ان میں 11 متاثرین وہ ہیں جو بیرون ملک سے چین آئے۔

مقبول خبریں اہم خبریں