کرونا وائرس : متاثرین اور اموات کے لحاظ سے برازیل کا دوسرا نمبر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

برازیل میں وزارت صحت نے جمعرات کے روز اعلان کیا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کوویڈ-19 کے سبب مزید 1269 افراد کی وفات کا اندراج ہوا ہے۔ اس طرح برازیل میں کرونا وائرس سے متاثر ہو کر موت کا شکار ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 46,510 ہو گئی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق ملک میں کرونا کے 32,188 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ اس طرح برازیل میں اس وبائی مرض میں مبتلا ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 955,377 تک پہنچ گئی ہے۔ واضح رہے کہ کرونا وائرس کے سبب اموات اور متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے امریکا کے بعد برازیل کا دنیا میں دوسرا نمبر ہے۔

ادھر چین میں صحت کے شعبے کے حکام نے بتایا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا وائرس کے 28 نئے کیسوں کا اندراج ہوا۔ ان میں 21 کیس بیجنگ میں سامنے آئے ہیں۔ حکام کے مطابق متاثرین میں 4 افراد بیرون ملک سے آئے ہیں۔

Advertisement

اس طرح چین میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسوں کی مجموعی تعداد 83,293 ہو گئی ہے۔ البتہ اموات کی تعداد 4634 پر ہی برقرار ہے۔

میکسیکو میں وزارت صحت نے جمعرات کے روز اعلان میں بتایا کہ ملک میں کرونا کے 4930 نئے کیس سامنے آئے ہیں جب کہ 770 مزید اموات کا اندراج ہوا ہے۔ اس طرح میکسیکو میں اس وبائی مرض میں مبتلا ہونے والوں کی مجموعی تعداد 159,793 ہو گئی ہے۔ متاثرین میں سے اب تک 19,080 افراد موت کا شکار ہو چکے ہیں۔ حکومت یہ کہہ چکی ہے کہ غالبا وائرس سے متاثرہ افراد کی اصل تعداد ،،، اندراج شدہ مصدقہ کیسوں سے بہت زیادہ ہے۔

دسمبر 2019 میں چین میں نمودار ہونے کے بعد سے دنیا بھر میں کرونا وائرس کے سبب مرنے والوں کی مجموعی تعداد 445213 سے کم نہیں۔ یہ اعداد و شمار فرانس پریس ایجنسی کی جانب سے بدھ کو گرینچ کے وقت کے مطابق شام سات بجے سرکاری ذرائع سے حاصل شدہ معلومات کی بنیاد پر جاری کیے گئے۔

کرونا کے پھیلاؤ کے آغاز کے بعد سے سرکاری طور پر اب تک دنیا کے 196 ممالک اور علاقوں میں 8,269,170 تصدیق شدہ کیس سامنے آئے ہیں۔ ان میں سے کم از کم 3,785,500 مریضوں کے صحت یاب ہونے کا اعلان کیا جا چکا ہے۔

یہ اعداد و شمار متاثرین کی اصل تعداد کا ایک حصہ ہے۔ اس لیے کہ کئی ممالک میں انتہائی سنگین کیسوں کے سوا کسی کا کرونا ٹیسٹ نہیں ہو رہا ہے۔ بہت سے غریب ممالک نہایت محدود پیمانے پر کرونا ٹیسٹ کرنے کی قدرت رکھتے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں