یو اے ای:کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد میں کمی، صرف388 نئے مریضوں کی تصدیق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد میں مسلسل کمی واقع ہورہی ہے۔جمعرات کو حکام نے اطلاع دی ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 40 ہزار ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور ان میں 388کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

یواے ای میں اب کرونا وائرس کے کل تشخیص شدہ کیسوں کی تعداد 43752 ہوگئی ہے جبکہ مزید 704 افراد تن درست ہوگئے ہیں۔اس طرح اب تن درست ہونے والے کل مریضوں کی تعداد 30241 ہوگئی ہے۔

Advertisement

امارات کی وزارت صحت کے مطابق کرونا وائرس کا شکار دو افراد حالت بگڑ جانے کی وجہ سے دم توڑ گئے ہیں۔اب ملک میں اس مہلک وائرس سے وفات پانے والے مریضوں کی تعداد 298 ہوگئی ہے۔

دبئی کے کووِڈ-19 کمانڈ اور کنٹرول مرکز کے سربراہ ڈاکٹر عامراحمد شریف کا کہنا ہے کہ گذشتہ تین ہفتے کے دوران میں کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

اماراتی حکومت نے بدھ کو شہریوں اور مکینوں کو 23 جون سے کرونا وائرس کے حوالے سے کم خطرے کے حامل ممالک کے سفر کی اجازت دے دی ہے۔حکومت نے ان ممالک کی ایک فہرست جاری کردی ہے۔

دبئی نے آج سے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عاید کردہ بعض پابندیوں کو ختم کردیا ہے اور 60 سال سے زاید عمر کے شہریوں اور 12 سال سے کم عمر بچوں کو شاپنگ مالوں ، سوئمنگ پولز ، بیچز، پبلک پارکوں اور بعض سینما گھروں میں جانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

دبئی اسپورٹس کونسل کے ایک بیان کے مطابق امارات دبئی میں عوامی پیراکی کےتالابوں کو گذشتہ جمعہ سے دوبارہ کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے اور پانی سے متعلق کھیلوں کی سرگرمیوں پر عاید پابندی ختم کردی گئی ہے۔اس کا اطلاق ہوٹلوں ، صحت کلبوں ،جِم اور تفریحی کلبوں کے علاوہ اقامتی اور تجارتی تنصیبات پر ہوگا۔

تاہم بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ افراد، گروپوں اور کاروباروں کو ایسی سرگرمیوں میں حصہ لیتے وقت کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پیشگی حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری کرنا ہوگی۔

مقبول خبریں اہم خبریں