سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 3941نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ کووِڈ-19 کا شکار مزید 46 مریض وفات پاگئے ہیں۔
دارالحکومت الریاض میں گذشتہ دس بارہ روز کے بعد پہلی مرتبہ کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔سعودی وزارت صحت کے مطابق الریاض میں گذشتہ 24 گھنٹے میں 740 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
قبل ازیں 9 جون کے بعد سعودی دارالحکومت میں روزانہ کرونا وائرس کے ایک ہزار سے زیادہ کیس رپورٹ ہورہے تھے۔ساحلی شہر جدہ میں کرونا کے 421 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔باقی کیس مملکت کے دوسرے علاقوں میں رپورٹ ہوئے ہیں۔
سعودی وزارت صحت کے مطابق مملکت میں اب کرونا وائرس کے کل کیسوں کی تعداد 154233 ہوگئی ہے۔ان میں 1230 مریض وفات پا چکے ہیں۔اس مہلک وائرس کا شکار مزید 3153 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں اور اب صحت یاب ہونے والے کل مریضوں کی تعداد 98917 ہوگئی ہے۔
#الصحة تعلن عن تسجيل (3941) حالة إصابة جديدة بفيروس #كورونا الجديد (كوفيد19)، وتسجيل (46) حالات وفيات رحمهم الله، وتسجيل (3153) حالة تعافي ليصبح إجمالي عدد الحالات المتعافية (98,917) حالة ولله الحمد. pic.twitter.com/9Sii2lmAAM
— و ز ا ر ة ا لـ صـ حـ ة السعودية (@SaudiMOH) June 20, 2020
پابندیوں کا خاتمہ
دیں اثناء سعودی وزارت داخلہ نے مملکت بھر میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عاید کردہ بیشتر پابندیوں کو اتوار 21 جون سے ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وزارت نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے پیشگی حفاظتی تدابیر کی پاسداری کرتے ہوئے تمام اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کی اجازت ہوگی۔
تاہم تاحکم ثانی بین الاقوامی سفر پر پابندیاں برقرار رہیں گی اور برّی اور بحری سرحدیں بھی بند رہیں گی۔